موسلا دھار بارشوں سے خطہ چناب میں تباہی2افراد لقمہ اجل ،3طالبات کو غرقآب ہونے سے بچالیا گیا ، تعلیمی ادارے بند

سرینگر۔30جون : خطہ چناب میں 52گھنٹوں سے جاری رہنے والی موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ،پولیوں زدہ لڑکی اور ایک مرد سمیت 2افرادلقمہ اجل،5طلباو طالبات کو سیلاب کے پانی سے نکا ل کر علاج کیلئے اسپتال میں بھرتی کیاگیا،بھدرواہ ،ڈوڑہ ،کشتواڑاوررام بن کے کئی علاقوں میں بجلی مواصلاتی نظام درہم برہم ،سیلابی پانی نے کھڑی فصلوں اور میوہ جات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا دیا ،ڈوڑہ ،بھدرواہ اور کشتواڑ اضلا ع میں تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکول ،کالج اور ہائیر اسکینڈریوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ،تمام رابطہ سڑکیں گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کر دی گئیں ،درابہ شالہ ٹھاٹھری شاہراہ پر پسیاں اورچٹانیں گر آنے کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مال اور مسافر بردار گاڑیاں درماندہ ،محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا ،صورتحال انتہائی سنگین ،فلڈ کنٹرول ،پی ایچ ای، فائیر اینڈ ایمر جنسی ،جموں و کشمیر پولیس کے علاوہ دیگر تمام اداروں کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحرک کر دیاگیا ۔ذرائع کے مطابق خطہ چناب میں 52گھنٹو ں کی موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی ، ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے ساتھ ہی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ،موسلا دھار بارشوں نے بھدرواہ ،ڈوڑہ ،کشتواڑ کی اہم رابطہ سڑکوں کو نقصان سے دوچار کر دیا ہے ،بڑی شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں پر سیلابی پانی جمع ہونے ،پسیاں اور چٹانیں گر آنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت معطل ہو کر رہ گئی ہے ، بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی شدیدقلت اور بجلی کی عدم دستیابی نے لوگوں کے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ نمائندے کے مطابق درابہ شالہ ٹھاٹھری شاہراہ پر بڑی مقدار میں پسیاں اور چٹانیں گر آنے کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مال اور مسافر بردار گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئیں ہیں جبکہ بھدرواہ کے بٹلہ علاقے میں نیرودریا میں طغیانی آنے کے دوران لکڑی کا پل پار کرتے ہوئے پیر پھسل جانے کی وجہ سے 4طالبات غرقآب ہوئیں اور ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کرکے تینوں طالبات کو غرقآب ہونے سے بچالیا تاہم پولیو ں زدہ ایک اورلڑکی غرقآب ہوئی اور اس کی نعش برآمد کرنے کیلئے امدادی کارروائی جار ی ہیں ۔ بھدرواہ کے مضافاتی علاقے میں مویشی پالنے والے ایک شخص کو پانی کا تیز ریلا اپنے ساتھ بہا کرلے گیا ہے اور مذکورہ مویشی پالنے والے کی نعش برآمد کرنے کیلئے جموں و کشمیر پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی شروع کی ہے تاہم ابھی تک جسمانی طور معذور اور مویشی پالنے والے کی لاشوں کو برآمد نہیں کی ہیں ۔ ایگزیکیٹومجسٹریٹ بھدرواہ مسعود احمد نے اس بات کی تصدیق کی کہ دریائے نیرو کے اوپر لکڑی سے تعمیر کئے گئے پل کو پار کرتے ہوئے 4لڑکیاں غرقآب ہوئی ،جن میں سے تین کو بچا کر اسپتال میں داخل کیا گیا تاہم پولیوں زدہ لڑکی کی نعش ابھی تک برآمد نہیں ہوئی ۔ ادھر ڈپٹی کمشنر ڈوڑہ نے موسلا دھار بارشیں ہونے ،سڑکوں پر چٹانیں اور پسیاں گرآ نے کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکولوں ،کالجوں اور ہائیر اسکینڈریوں میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان کیا ۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڑہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ طلاب کو محفوظ رکھنے کیلئے ایک دن کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے او ر اس پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہیں ۔ اے پی آئی نمائندے کے مطابق مسلسل 52گھنٹوں سے موسلادھار بارش ہونے کی وجہ سے خطہ چناب کے ڈوڑہ ،بھدرواہ ، رام بن ، کشتواڑ اضلاع اور ان کے ملحقہ علاقوں میں کھڑی فصلوں ، میوہ جات اور سبزیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جبکہ مسلسل بارشوں نے خطہ چناب کی صورتحال کو انتہائی سنگین بنا دیاہے ۔ ادھر صوبائی انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے فلڈ کنٹرول ، پی ایچ ای ، پی ڈبلیو ڈی، جموں و کشمیر پولیس ، فائیر اینڈ ایمر جنسی ، آرمڑ پولیس ،اور آئی آر پی کو متحرک کر دیا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی انتظامیہ کو مزید پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ خطہ چناب کے بھدرواہ ، ڈوڑہ ، کشتواڑ اور رام بن کے مضافاتی علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے خبر رساں ادارے اے پی آئی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے ٹھاٹھری ،ناؤپچی اور اسکے مضافاتی علاقوں میں بیماروں کی حالات انتہائی نازک بنی ہوئی ہے ،کئی مہلک بیماریوں میں مبتلا بیمار ایڈیاں رگڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ اشیاء خوردنی کی بھی کمی محسوس کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مزید پریشانیاں لاحق ہو گئی ہیں ۔