عیدگاہ دیوبند میں عید الفطر کی نماز ادا کرتے فرزندان توحید ۔مسلم نوجوان کالی پٹی باندھ کر غصے کا اظہار کرتے ہوئے

دیوبند۔ 27؍ جون (سمیر چودھری)
ہلکی بوندا باندی اور خوشگوار موسم کے درمیان دیوبند اور اس کے قرب وجوار میں نہایت جوش وخروش اور عقیدت کے ساتھ عید الفطر کا تہوار منا یاگیا ۔ عیدگاہ، ایشیا کی عظیم الشان مسجد رشید کے علاوہ جامع مسجد ، مسجد قدیم دارالعلوم، مسجد قاضی ،پر انی مسجد پٹھانپورہ ، مغلوں والی مسجد، جامع مسجد سرائے پیرزادگان ، مسجد درگاہ محمودیہ ، مسجد مدرسہ اصغریہ کے علاوہ دیوبند کے دیہی علاقوں کی مساجد میں نماز عید الفطر لاکھوں فرزندان توحید نے ادا کی ، اس دوران اقلیتی فرقہ کے نوجوانوں نے مرکزی حکومت کے خلاف بازوؤں پر کالی پٹی باندھ کر غصہ کا اظہار بھی کیا، عید کی نماز کے بعد لوگوں نے آپس میں گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی ۔عید گاہ میں صبح:15 8بجے جمعیۃ العلماء کے قومی صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نے عید الفطر کی نما ز ادا کرائی ۔ نماز کے بعد نمازیوں نے امن وامان اورسلامتی کے لئے دعائیں مانگیں ۔ نماز عید الفطر ادا کرنے سے قبل قاری محمد عثمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید روزہ داروں کے لئے رمضا ن المبارک کا انعام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن تمام مؤمنین کے لئے عید اور خوشی کا دن اسی وقت ہوسکتا ہے ، جب رمضان المبارک کی ٹریننگ کے ذریعہ اپنی زندگیوں میں تبدیلیاں کی ہوں اور اپنا احتساب کرتے ہوئے صالح زندگی گزارنے کاپختہ عزم کرلیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمدہ کپڑے اور لذیذ خوردونوش کے اہتمام کا نام عید نہیں ہے بلکہ دلوں میں ماہ مبارک میں کی جانے والی عبادات اور ممنوعات سے دور رہ کر جن قلوب میں خوف خدا پیدا ہوجاتاہے ، اصل عید ان لوگوں کی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں دوسرے مذاہب کے لوگوں کو شامل کرکے آپسی بھائی چارہ کو فروغ دینا چاہئیے ۔ مرکزی جامع مسجد میں دارالعلوم وقف کے استاذ مفتی عارف قاسمی نے صبح 7.45بجے نماز عید الفطر ادا کرائی ۔ نماز سے قبل انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ہر قوم اور طبقہ کو مساوی حقوق حاصل ہیں ، اسلئے مسلمانان ہند دوسری قوموں کے مقابلہ اپنے آپ کو کمتر نہ سمجھیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عید سعید تمام مسلمانوں کے لئے بہترین شکرانہ ہے ، لیکن اس موقع پر رنگ رلیوں میں پڑنے کے بجائے ہم سب کو اپنا احتساب کرنا چاہئے کہ ہم نے رمضان المبارک کی کتنی قدر کی ، خد ا سے کس طرح کے عہد کئے اور آئندہ ہم ان پر کس قدر کاربند رہیں گے ۔ اس کے علاوہ مسجد قاضی ، مسجد دارالعلوم زکریا جی ٹی روڈ ، جامع مسجد سرائے پیر زادگان ، پرانی جامع مسجد پٹھانپورہ ، مغلوں والی مسجد دگڑہ ، مسجد مدرسہ اصغریہ ، مسجد رحم بی بی میں وہاں کے پیش اماموں نے نماز عید الفطر ادا کرائی ۔ حفاظت کے نقطہ نظر سے تمام مساجد کے اردگرد اور شہر کے مختلف حساس علاقوں میں پولیس کا چست ودرست بندوبست رہا ۔ ایس پی دیہات ودیا ساگر مشرا ، ایس ڈی ایم رام ولاس یادو ،سی او سدھارتھ سنگھ دیوبند کوتوال پنکج تیاگی نے عیدگاہ روڈ پرکیمپ لگاکر عوام کو عید کی مبارکباد دی ۔ اس موقع پر دیو بند کے سا بق ایم ایل اے معاویہ علی ، سابق چیئرمین ضیاء الدین انصاری ودیگرنے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی ۔بعد ازاں صوبہ اترپردیش میں مسلم نوجوانو ں پر کئے جارہے جان لیوا حملوں اور انہیں موت کے گھاٹ اتارنے پر بڑی تعداد میں مسلم نوجوانوں نے اپنے بازوؤں پر کالی پٹی باندھ کر صوبائی حکومت کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کیا ، نوجوانوں کا کہنا تھا کہ صوبہ میں خاص طور سے مسلم نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ابھی تک تقریباً 50سے زائد نوجوانوں کو سرراہ بھیڑ میں موت کے گھاٹ اتارا ہے حالانکہ عید کے دن کسی بھی طرح کے مظاہرے اور غصے کا اظہار کرنے کو لے کر علماء نے نوجوانوں کو روکنے کے لئے اپیل بھی جاری کی تھی لیکن گزشتہ کئی روز سے چل رہے واٹس اپ پر مظاہرے کے اعلان کے بعد دیوبند کے نوجوان اس میں شامل ہوئے اور انہوں نے اپنے غصے کا اظہار بازوؤں پر کالی باندھ کر کیا۔