بریلی،۲۶جون:آٹھویں ڈکٹ پی اے سی کے جوان نے یہاں اپنی بیرک کے پنکھے میں چادر کا پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔رات میں ڈیوٹی پر نہیں پہنچنے پر نوجوان کی تلاش شروع ہوئی جس کے بعد اس کی لاش بیرک میں لٹکی ہوئی ملی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ کانپور کے بلہور کے علی پور کا 24سالہ گورو تیواری 2016میں پی اے سی میں بھرتی ہوا تھا، وہ بریلی کی آٹھویں ڈکٹ پی اے سی میں تعینات تھا۔کل رات میں اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھانا کھایا اور اپنے بیرک میں چلا گیا تھا۔اس کے بعد اس کے بارے میں کسی کو کوئی معلومات نہیں ملی۔دیر رات گورو کی تلاش ہوئی تو اس کی لاش بیرک میں چادر کے پھندے کے سہارے پنکھے سے لٹکی ملی۔موقع پر پہنچے ڈپٹی کمانڈنٹ شعیب اقبال نے کینٹ پولیس کو اطلاع دی۔پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔پی اے سی کے ڈپٹی کمانڈنٹ شعیب اقبال نے بتایا کہ جس بیرک میں نوجوان نے خودکشی کی ہے، اسے پولیس نے سیل کر دیا ہے۔فی الحال خود کشی کی وجوہات کا پتہ نہیں چلا ہے۔