ریاض،24جون: وزارت داخلہ سعودی عرب کے سیکیورٹی ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ حرم مکی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد بیان جاری کیا جائے گا۔دبئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جنرل الترکی نے بتایا کہ صرف ایک شخص نے سیکیورٹی اہلکاروں سے مزاحمت اور ان پر فائرنگ کی، جس کے بعد نامعلوم خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے جب ممکنہ خودکش بمبار سے ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا تو اس نے فائرنگ شروع کر دی۔ کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والوں سے تفتیش جاری ہے، جس کے نتائج سے میڈیا کو بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ فی الوقت ہم خودکش بمبار کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ماہرین دھماکے میں استعمال ہونے والے مواد کا تعین کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد حرام آنے والوں کی سلامتی اور حفاظت سعودی حکام کا اولین نصب العین ہے۔