آج پھر ہوگاپاکستان اور ہندوستان کاآمنا سامنا بھڑے گی ہندوستانی ہاکی ٹیم،8ویں مقام کیلئے

لندن،23جون؍
ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل میں خطاب کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد ہندوستان اب ہفتہ کو پانچویں سے آٹھویں مقام کے کلاسفکیشن میچ میں روایتی حریف پاکستان سے بھڑے گا۔ہندوستانی ٹیم کواٹرفائنل میں ملائیشیا کے ہاتھوں 3-2سے ہار گئی تھی۔ملائیشیا کے خلاف ہندوستان کی یہ گزشتہ دو ماہ میں دوسری شکست ہے۔ہندوستانی ٹیم کے لئے یہ ہار کافی مجروح کرنے والی ہے، کیونکہ ابھی عالمی ہاکی کے ایلیٹ لیگ میں اپنا مقام برقرار رکھنے کے لئے سخت کوشش کر رہی ہے۔اس ہار سے اگرچہ ہندوستان کی ہاکی ورلڈ لیگ فائنل اور اگلے ورلڈ کپ میں شرکت پر فرق نہیں پڑے گا، کیونکہ میزبان ہونے کی وجہ سے اس کا ان دونوں مقابلوں میں مقام پکا ہے۔یہ دونوں مقابلے ہندوستانی شہر بھونیشور میں ہوں گے۔
ہندوستان کی کارکردگی اس ٹورنامنٹ میں ایک جیسی نہیں رہی اور اسے شکست سے سبق لے کر اپنی غلطیوں کو بہتر کرنا ہوگا۔ پاکستان کے خلاف اگرچہ ہندوستان کا پلڑا بھاری ہے اور اس نے لیگ میں اپنے اس روایتی حریف کو 7-1سے کراری شکست دی، لیکن ان دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے کے بارے میں کچھ بھی پیشن گوئی نہیں کی جا سکتی ہے۔پول میچ کی طرح ہفتہ کو بھی سب کی نظریں ہوگی اور پاکستان بدلہ لینے کے لئے اترے گا۔ہندوستانی ٹیم کے لئے ملائیشیا سے ملی شکست سے ابھرنا آسان نہیں ہے اور ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ کتنی جلدی خود کو منظم کرتی ہے۔ملائیشیا کے خلاف میچ میں ہندوستان نے سات پنالٹی کارنر گنوائے، جس سے تین کا ملائیشیا نے فائدہ اٹھا کر گول داغے۔