کووندسے اچھے تعلقات، بی جے پی کے پاس اکثریت ملائم سنگھ یادونے این ڈی اے امیدوارکوبہترقراردیا

لکھنؤ، 20؍جون
ملک کے اگلے صدر کے لیے بہارکے گورنررام ناتھ کووند کو این ڈی اے کا امیدوار بنائے جانے کابی جے پی کافیصلہ اپوزیشن کی حکمت عملی کوناکام کرتانظرآرہاہے، اپوزیشن کے وکٹ ایک ایک کرکے گرتے نظر آ رہے ہیں۔بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمار،بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)کی سربراہ مایاوتی کے بعداب سماجوادی پارٹی(ایس پی)کے سرپرست ملائم سنگھ یادونے بھی کووند سے اپنے اچھے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں بہترامیدواربتایاہے۔ملائم سنگھ یادونے کہاکہ بی جے پی نے صدرکے لیے ایک اچھاامیدواردیاہے، رام ناتھ کووندسے میرے پرانے تعلقات ہیں۔انہوں نے کووندکے صدربننے کے امکانات کو بھی مضبوط بتایا۔ملائم نے کہاکہ بی جے پی کے پاس اکثریت ہے، اگرایک دوفیصدکی ضرورت پڑے گی توبی جے پی اس کا انتظام کر لے گی۔وہیں ایس پی سرپرست نے صدارتی انتخابات کولے کراپوزیشن کے سوال پرواضح طورپرکچھ نہیں بولا، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کیا فیصلہ کرے گا وہ نہیں کہہ سکتے۔اس سے پہلے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی کل ہی بیان دے چکی ہیں کہ اگر اپوزیشن کی طرف سے کوئی دوسرا مقبول اور قابل دلت امیدوار نہیں کھڑا کیا جاتا ہے، تو وہ رام ناتھ کووند کی حمایت کریں گی، وہیں اگر جنتا دل (یو )کی بات کریں،توبہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمار خود کہہ چکے ہیں کہ رام ناتھ کووند نے گورنر کے طور پر بہترین کام کیا ہے، ایک گورنرکاریاستی حکومت کے ساتھ مثالی طور پر جیسا تعلق ہونا چاہیے ، ان کا تعلق ویسا تھا۔انہوں نے کل اس بات پر خوشی بھی ظاہر کی تھی کہ بہار کے گورنر کو صدر کے عہدہ کا امیدوار بنایا گیاہے ۔نتیش نے بی جے پی کے اس فیصلے کے بعد کل ہی کووند سے ملاقات بھی کی تھی۔وہیں انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میں نے اپنے جذبات سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)کے صدر لالو پرساد یادو اور کانگریس صدر سونیا گاندھی کو آگاہ کردیا ہے۔نتیش نے کہا کہ کووند نے ہمیشہ گورنر ہاؤس اور گورنر کے عہدے کے وقار کا پورا خیال رکھا، ان کو اس بات کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ان کے ساتھ میرے بہت اچھے تعلقات رہے ہیں۔قابل ذکرہے کہ اپوزیشن پارٹیوں نے 22؍جون کو صدارتی انتخابات کے لیے مشترکہ امیدوار پر بحث کے لیے میٹنگ بلائی ہے، اس سے پہلے ہی کئی پارٹیوں نے کووند کو حمایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ان میں ٹی آر ایس اور اے آئی اے ڈی ایم کے بھی شامل ہیں۔اڑیسہ کے وزیر اعلی اور بیجو جنتا دل کے صدر نوین پٹنائک نے بھی کووند کی امیدواری کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔