میرٹھ، 20؍جون:ایس پی کے کارکنوں نے چمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جیت پر کشمیر میں جشن منانے والے وادی کے علیحدگی پسند لیڈر میر واعظ عمرفاروق کا پتلا نذرآتش کیا اور اسے پاکستان بھیجے جانے کا مطالبہ کیا۔ایس پی ایس سی ایس ٹی سیل کے میٹروپولیٹن صدر وپن منوٹھیا کی قیادت میں درجنوں ایس پی کارکنوں نے کمشنری چوراہے پر میر واعظ کا پتلا جلایا ۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ہندوستانی ٹیم کو شکست دینے والی پاکستانی ٹیم کی جیت پر جشن منانے والا کسی بھی صورت میں ہندوستانی نہیں ہو سکتا۔انہوں نے میر واعظ کو پاکستان جاکر چینی پٹاخے پھوڑکر پاکستان کی جیت کا جشن منانے کا مشورہ دیا۔ایس پی کارکنوں نے کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ میر واعظ جیسے لیڈر ہی وادی میں امن بحال نہیں ہونے دے رہے ہیں ۔انہوں نے حکومت ہند سے ایسے لوگوں پر بغاوت کا مقدمہ درج کرکے انہیں ملک سے بے دخل کرنے کامطالبہ کیا ۔