مدھیہ پردیش میں کسانوں کی خودکشی کا سلسلہ جاری تین کسانوں کی خودکشی ۔

نیمچ-سیہور؍مدھیہ پردیش ، 19؍جون :مدھیہ پردیش میں کسانوں کی خودکشی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے، یہاں 24گھنٹوں میں تین کسانوں نے خودکشی کر لی ہے۔ودیشا، نیمچ اور سیہور میں کسانوں نے خودکشی کی ہے، ودیشا کے سایر بمورا میں قرض سے پریشان کسان جیون سنگھ مینا نے درخت سے لٹک کر خود کشی کر لی، وہیں سیہور کے گاؤں جمونیاکھود میں کسان بشی لال مینا نے پھانسی لگا لی، کسان پر 9لاکھ کا قرض تھا۔اس سے پہلے نیمچ سے کسان کی خودکشی کا معاملہ سامنے آیا تھا، نیمچ کے گاؤں پپلیاویاس میں 65سالہ ایک کسان پیارے لال نے کھیت میں درخت سے لٹک کر جان دے دی تھی۔متوفی کسان کے بیٹے کے مطابق ،ان پر گزشتہ 2سال سے بینک کا ڈھائی لاکھ روپے بقایا تھا، جس کی وجہ سے بینک والے انہیں پریشان کر رہے تھے، وہیں اس معاملہ میں نیا موڑ تب آیا ،جب میت کسان کی بیٹی نے بتایاکہ ان کی بھابھی نے خاندان پر جہیز کے لیے تنگ کرنے کا مقدمہ کر رکھا ہے، اس کی وجہ سے پولیس مسلسل ان کے والد کو پریشان کر رہی تھی اور پیسے کامطالبہ کر رہی تھی۔اس سے پریشان ہوکر میرے والد نے خودکشی کر لی، اس معاملے میں فی الحال پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔غورطلب ہے کہ 17؍جون کو دھارا میں ایک اور کسان نے کیڑا ماردوا پی کر خود کشی کر لی تھی،کسان کا نام جگدیش تھا، 35سالہ جگدیش پر بینک آف انڈیا کا ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے کا قرض تھا۔حیرت انگیز طورپر گزشتہ 11دنوں میں ریاست میں تقریبا 12کسانوں نے قرض سے تنگ آکر خود کشی کرلی ہے۔