راہل گاندھی کی 47ویں سالگرہ پر کانگریس نے منایا جشن

نئی دہلی، 19؍جون
کانگریس نائب صدر راہل گاندھی آج (پیر )کو47سال کے ہو گئے ہیں۔حالانکہ راہل ملک میں نہیں ہیں، ان دنوں وہ بیرون ملک اپنی نانی اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ چھٹیاں منا رہے ہیں۔کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالا نے ٹوئٹ کرکے کہا ، راہل گاندھی کو بہت بہت مبارک !ایمان اور سچائی کے تئیں آپ کے مضبوط یقین اور مقصد کے تئیں آپ کی سادگی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتی رہے۔اس کے ساتھ ہی کانگریس لیڈر راج ببر نے کہاکہ عزت مآب راہل کو سالگرہ مبارک ہو! آپ ایک عمدہ انسان ہیں، آپ کی رہنمائی ہمیشہ ملے، بھگوان سے یہی دعا ہے۔یوتھ کانگریس اور پارٹی کارکنان ملک بھر میں ان کی سالگرہ کا جشن منا رہے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی انہیں ٹوئٹ کرکے مبارک باد دی ہے۔وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر دئیے اپنے تہنیتی پیغام میں راہل کی طویل عمر کی دعا کی ہے، اس کے جواب میں راہل نے ٹوئٹ کرکے سالگرہ کے موقع پر ملی سبھی مبارک باد کا شکریہ ادا کیا۔قابل ذکر ہے کہ جانے سے پہلے انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ اپنی نانی سے ملنے جا رہے ہیں۔راہل گاندھی کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا تھا کہ میں اپنی نانی اور خاندان سے ملنے جا رہا ہوں، کچھ دنوں باہر رہوں گا،امید ہے کہ ہم ساتھ میں اچھا وقت گزاریں گے۔