گورکھا لینڈ ریاست کی مانگ میں شدت ،دارجلنگ میں کشیدگی برقرار، جی جے ایم نے کارکن کی لاش کے ساتھ ریلی نکالی

دارجلنگ،18جون:دارجلنگ آج بھی کشیدگی سے گھرارہاجہاں ہزاروں مظاہرین جی جے ایم کے ایک کارکن کی لاش کو لے کر چوک بازارمیں جمع ہوئے اور انہوں نے الگ گورکھا لینڈ ریاست کی مانگ کو لے کر نعرے بازی کی۔پولیس کے ساتھ جھڑپ میں جی جے ایم کارکن مارا گیا تھا۔گورکھا جن مکتی مورچہ(جی جے ایم) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان کل ہوئی جھڑپوں کے بعد مغربی بنگال کے اس پہاڑی ضلع میں بڑی تعداد میں سکیورٹی کو تعینات کیا گیا ہے۔شہر کے وسط میں واقع چوک بازارمیں مظاہرین سیاہ پرچم اور ترنگا لے کر ایک ساتھ ہوئے۔انہوں نے نعرے بازی کی اور دارجلنگ سے فوری طورپرپولیس اہلکاروں اور سیکورٹی فورسز کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔دارجلنگ سے جی جے ایم کے رکن اسمبلی امر رائے نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ ہمارا خیال ہے کہ بات چیت کے لحاظ سے مثبت ماحول پیدا کرنے کے لئے دارجیلگ سے پولیس اور سکیورٹی کو فوری طور ختم کیاجانا چاہیے۔