نئی دہلی،15جون :شاہی جامع مسجد فتحپوری میں شاہی امام ڈاکٹرمفتی مکرم احمد نقشبندی کے صاحبزادہ مولاناوقاری انس احمد نقشبندی نے قریب یومیہ2پارے سناکر پچھلی شب قرآن شریف مکمل کیا۔اس مبارک موقع پر دعائے ختم القرآن تقریب منعقد ہوئی،جس میں اطراف کے علاقوں کے باشندوں نے شر کت کی۔خیال رہے کہ قاری انس احمد کی یہ 15ویں محراب تھی جس کی سماعت حافظ محمد سعد احمد نے کی۔اس موقع پرشاہی امام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ وہ والدین نہایت خوش نصیب ہیں جن کی اولاد حافظ قرآن ہیں کیو ں کہ جن کا بیٹا حافظ قرآن ہوگاکل قیامت کے روزوالدین کے سروں پر عزت و اکرام کا تاج ہوگا،جس کی روشنی سورج کے مانند ہوگی۔شاہی امام مکرم نقشبندی نے یہ بھی کہاکہ قرآن کریم وہ کتاب ہے جو کسی ایک طبقے کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس کتاب پر عمل کر کے دنیا وآخرت کو سرخرو بنائیں۔تقریب کااختتام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد کی دعا وتبرک اور لنگرشریف پرہوا۔ تمام آئے مہمانوں نے شر کت کرکے قاری انس کی گل پاشی کی اور بغل گیرہو کر مبارکباد پیش کی نیزتاعمر تراویح پڑھانے کی دعا دی۔اہم شرکاء میں مولانا معظم احمد،ڈاکٹر محمود، ڈاکٹر نجیب،ڈاکٹر اخلاق، محمد نفیس، حماد ایڈوکیٹ سمیت دیگر کے نام قابل ذکر ہیں۔