علی گڑھ14جون
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹیچرس ایسو سی ایشن (اموٹا) کے زیر اہتمام افطارکاانعقادکیاگیاجس میں مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرطارق منصور کے ساتھ ڈاکٹر حمیدہ طارق اور پروچانسلر نواب ابن سعید خاں آف چھتاری سمیت مختلف فیکلٹیوں کے اساتذہ نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔اس موقعہ پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کا پھولوں کے ہار کے ساتھ ہی یادگاری نشان پیش کرکے خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقعہ پر اموٹا کے صدر پروفیسر مجاہد بیگ نے پروفیسرطارق منصور کے وائس چانسلر مقرر ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اے ایم یو کے اساتذہ کے لئے فخر کی بات ہے کہ ان کے درمیان کے ہی ایک شخص کو حالیہ برسوں میں پہلی مرتبہ یونیورسٹی کا وائس چانسلر ہونے کا شرف حاصل ہوا ہے جو ادارے کے سبھی لوگوں کے باعث فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پروفیسرطارق منصور کا دور دیگر وائس چانسلر حضرات سے بہتر ہوگا کیوں کہ وہ یہیں سے تعلق رکھتے ہیں اور یہاں کے سبھی سرد و گرم سے بخوبی واقف ہیں۔ اموٹا کے سکریٹری مسٹر مصطفےٰ زیدی نے کہا کہ پروفیسر طارق منصور کے وائس چانسلر رہنے سے اساتذہ کے جائز مطالبات پورے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر منصور خود بھی یونیورسٹی کے سینئر استاد ہیں اور اساتذہ کے مسائل سے پوری طرح واقف ہیں۔وائس چانسلرکے او ایس ڈی پروفیسر اسفر علی خاں اور پروفیسر عبد السلام کے علاوہ فائننس آفیسر پروفیسر ایس ایم جاوید اختر، میڈیسن فیکلٹی کے ڈین پروفیسر امان اللہ خاں، ای سی ممبر مسٹر نسیم احمد خاں، ڈاکٹر واصف محمد علی اور ڈاکٹر عبید احمد صدیقی کے علاوہ اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کے نائب صدر ڈاکٹر اعظم میر، پروفیسر عارف الاسلام، پروفیسر ضیاء الدین اور پروفیسر کے سی سنگھل خاص طور سے موجود تھے۔