صدارتی انتخابات کے لیے سرگرمیاں تیز حکمراں این ڈی اے اتحاد اور کانگریس میں زورآزمائی

نئی دہلی، 14؍جو ن
صدارتی انتخابات کو لے کرسرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں،بی جے پی کی قیادت والا این ڈی اے اتحاد جہاں امیدوار کے نام پر اپنے اتحادیوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے میں مصروف ہے، وہیں اپوزیشن بھی اس الیکشن میں حکومت سے زور آزمائی کرنے کا من بنا چکا ہے۔اس سلسلہ میں شہری ترقیات کے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے بدھ کو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔سنگھ سے ملاقات کے بعد نائیڈو نے کہا کہ صدارتی انتخابات کے پیش نظر ہم دوسری جماعتوں سے صلاح و مشورہ کریں گے، وزیر خزانہ ملک سے باہر ہیں، ان کے آنے کے بعد تینوں لوگ اس سمت میں آگے بڑھیں گے۔غورطلب ہے کہ بی جے پی صدر امت شاہ نے این ڈی اے کی جانب سے صدارتی انتخابات میں امیدوار کے نام پر اتحادیوں میں اتفاق رائے پیداکرنے کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے،وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، شہری ترقیات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔ادھر، کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیاں بھی صدارتی انتخابات کے پیش نظر تیاریوں میں جٹ گئی ہیں۔آج شام کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں واقع لائبریری بلڈنگ میں اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں کی میٹنگ ہو گی ، کانگریس کی قیادت میں ہونے والی اس میٹنگ میں صدارتی انتخابات کی حکمت عملی پر بحث کی جائے گی۔