جموں، 14؍جون(آمنا سامنا میڈیا)
جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں کنٹرول لائن کے قریب پیشگی چوکیوں پر مارٹر داغ کر اور فائرنگ کرکے آج پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، ہندوستانی فوجیوں نے بھی اس کے بعد جوابی کارروائی کی۔گزشتہ چار دنوں میں پاکستان 8 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔جنوری کے بعد سے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پرجنگ بندی کی خلاف ورزی کے 12 واقعات پیش آ چکے ہیں ، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کے دوران ایک عام شہری کی موت ہو چکی ہے جبکہ سات دیگر زخمی ہو ئے ہیں۔دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل منیش مہتا نے کہاکہ پاکستانی فوج نے کنٹرول لائن کے پاس بھیم بیر گلی میں صبح پانچ بجے سے پونے چھ بجے تک اندھا دھند چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور 80ملی میٹر کے مارٹر داغے، ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستانی فوج نے بھی سخت اور مؤثر جوابی کارروائی کی ۔گزشتہ 12؍جون کو جنگ بندیکی تین بار خلاف ورزی ہوئی ہے ۔پاکستان کی فوج نے 12؍جون کو پونچھ میں واقع کنٹرول لائن کے پاس کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ہندوستانی چوکیوں پر مارٹر داغے تھے۔