صدارتی الیکشن کے لیے نوٹیفکیشن جاری

نئی دہلی، 14؍جون (آمنا سامنا میڈیا )
مرکزی الیکشن کمیشن نے جولائی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے ، اس کے ساتھ ہی انتخابی عمل شروع ہو گیاہے ۔کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 28؍جون ہے۔صدارتی انتخابات میں اگر حکمراں فریق اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے نہیں بن پایا ، تو ووٹنگ کا عمل 17؍جولائی کو مکمل کیا جائے گا اور ووٹوں کی گنتی 20؍جولائی کو ختم ہو گی۔صدر پرنب مکھرجی کی مدت کار 24؍جولائی کو ختم ہو رہی ہے، حکمراں فریق این ڈی اے کی جانب سے ابھی تک امیدوار کو لے کر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے، جبکہ کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان امیدوار کے نام کو لے کر کئی دور کی میٹنگیں ہو چکی ہیں ۔صدارتی امیدوار کو لے کر اب تک سست رہی بی جے پی نے بھی ایک تین رکنی کمیٹی قائم کرکے این ڈی اے کی اتحادی پارٹیوں میں اتفاق رائے بنانے کی پہل کر دی ہے۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور شہری ترقیات اور وزیراطلاعات ونشریات ایم وینکیا نائیڈو اس کمیٹی کے رکن ہیں ، بی جے پی صدر امت شاہ نے تینوں لیڈروں سے گزشتہ منگل کو ملاقات کر کے اس بارے بحث بھی کی، وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے جنوبی کوریا میں بزنس میٹنگ سے واپس آنے کے بعد کمیٹی کے تینوں رکن این ڈی اے کے اتحادیوں سے بات چیت کرکے امیدوار کے نام پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا کام کریں گے۔