حافظ محمد عبد المقتدر عمران انچارج شعبہ نشر واشاعت کی اطلاع کے مطابق صفا بیت المال حیدرآباد کی جانب سے بیواؤں میں ماہانہ وظائف کے ساتھ ساتھ یتیم و نادار بچوں کی کفالت کا سلسلہ جاری ہے ، والد یا والدین سے محروم وہ بچے جن کے سرپرست مجبوری اور معاشی تنگی کی وجہ سے تعلیم و ترقی کے لئے کسی قسم کی پیش رفت کرنے سے قاصر ہیں ، بلکہ ان کی ضروریاتِ زندگی کی تکمیل کے لئے بھی سرگرداں رہتے ہیں ایسے نادار ، یتیم و یسیر بچوں کی صفا بیت المال نے کفالت کی ذمہ داری لی ہے۔ الحمدللہ صفا بیت المال نے ایسے 76یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری لے رکھی ہے ،چنانچہ 11؍ جون بروز اتوار یہ یتیم بچے اپنے سرپرستوں کے ساتھ دفتر صفا پر حاضر ہوئے ، جہاں صدر صفا بیت المال انڈیا مولانا غیاث احمد رشادی نے ان میں وظائف اور تعلیمی کٹس تقسیم کیے ۔ واضح ہو کہ شہر حیدرآباد کی مختلف سلم بستیوں میں صفا بیت المال کے سروے کے دوران کئی مفلوک الحال گھرانوں میں ایسے یتیم و یسیر بچے دستیاب ہورہے ہیں جوذہین ہونے کے باوجود معاشی مجبوریوں کی بناء اسکول کی دہلیز تک نہیں پہنچ پارہے ہیں ۔ٹرسٹیانِ صفا بیت المال نے اہلِ خیر حضرات سے یہ اپیل کی ہے کہ ان بچوں کی تعلیمی و خوراکی کفالت کے لئے آگے آئیں تا کہ ان کی تعلیم و ترقی کی فکریں کی جاسکے۔ فی یتیم ماہانہ 2000روپیے اور سالانہ 24,000روپیے کفالت مقرر ہے۔ فون نمبر 9394419820,04024551314پر ربط کریں۔