طاعون اورلیپٹو جیسی خطرناک بیماریوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اٹھایا گیا قدم
ممبئی ۳۰ ؍ مئی (رئیس احمد) ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ممبئی میں لیپٹو اور طاعون جیسی وبا ء کے پھیلنے سے روکنے کے لیے ۳ ؍ لاکھ چوہوں کو مارنے کا دعوی کیا ہے یہ کام انھوں نے ۱۶ ؍ مہینوں میں کیا ہے ۔کارپوریشن نے بتایا کہ چوہوں کی ایک جوڑی کی وجہ سے سال بھر میں ۱۵ ؍ چوہوں کا خاندان بن سکتا ہے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے جراثم کش محکمہ کے چیف راجن نارینگرنے بتایا کہ چوہوں کی زندگی عام طور پر ۱۸؍ مہینوں کی ہوتی ہے مادہ چوہوں ۲۱ ؍ سے۲۲ دنوں میں بچوں کو جنم دیتی ہے اور ایک بار میں ہی وہ ۵ ؍ سے ۱۴ بچے تک کہ وہ پیدا کرسکتی ہے پانچ ہفتوں میں ہی یہ بچے دوسرے بچے پیدا کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے چوہوں کی تعداد میں کافی تیزی سے اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے چوہوں کی ایک جوڑی سے سال بھر ۱۵ ؍ہزار چوہوں کی نئی نسل تیار ہوجاتی ہے ۔ان چوہوں میں (xenopsylla cheopis ) نامی جراثم ان کے بالوں میں پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے طاعون کی وباء پھیلتی ہے اور ان کے پیشاب کی وجہ سے لیپٹو بیماری ہوتی ہے اس لیے بارش میں یہ بیماری زیادہ پھیلتی ہے چوہوں کی آبادی کو روکنے کے لیے اپنے گھر اور آس پاس کا علاقہ صاف رکھنا ضروری ہے۔میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ۴ ؍ طریقوں سے چوہوں کو کنٹرول کیا جاتا ہے جس میں چوہوں کو پکڑنا ،زہریلی گولیاں ڈالنا ،ان کے بلوں میں زہریلی دوئیں ڈالنا ،اسی طرح رات کے وقت چوہوں کو مارنا ہے انھوں نے بتایا کہ سال ۲۰۱۶ میں جنوری سے لیکر دسمبر تک ۲ ؍ لاکھ ۱۰ ؍ہزار ۷۳۷ ؍چوہوں کو مارا گیاہے اسی طرح سال ۲۰۱۷ میں جنوری سے اپریل مہینوں میں قریب ۸۱ ؍ ہزار ۵۰ ؍ چوہوں کو مارا گیا ہے اس درمیان عوام کی ۳۷۱۵ ؍ شکایتوں پر بھی کاروائی کی گئی ہے ۔