کشمیر میں برہان وانی کا جانشین سبجار احمدتصادم میں ہلاک

سرینگر ،27مئی: حزب المجاہدین کے مبینہ کمانڈر برہان وانی کے مارے جانے کے بعد اس کی جگہ لینے والا سبجار احمد بھٹ کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ترال علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک اور دہشت گرد کے ساتھ آج مارا گیا۔دہشت گردوں کے مارے جانے کے بعد وادی میں کئی مقامات پر پتھراؤ کے واقعات شروع ہوگئے۔پولیس ڈائریکٹر جنرل ایس پی وید نے کہا کہ آج صبح ترال کے سویموہ علاقے میں تصادم میں مارے گئے دو دہشت گردوں میں سے ایک برہان وانی کا جانشین سبجار احمد بھٹ ہے۔پولیس کے ایک اہلکار نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں حزب المجاہدین کے کچھ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر یہاں سے 36 کلو میٹر دور ترال کے سویموہ گاؤں میں محاصرہ اور سرچ مہم شروع کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے گزشتہ رات کو ترال علاقے میں فوج کی گشتی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی تھی جس کے بعد مہم شروع کی گئی۔افسر نے بتایا کہ جیسے ہی سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے ٹھکانے کی طرف بڑھنے لگے تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔افسر نے کہا کہ پلوامہ میں ترال اور اننت ناگ ضلع میں کھانبل سمیت جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں پتھراؤ کے واقعات درج کی گئے۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں مظاہرین کوبھگانے میں لگی ہیں۔جنوبی کشمیر میں گزشتہ سال8جولائی کو برہان وانی مارا گیا تھا۔ اس کی موت کے بعد وادی کشمیر میں مہینوں تک تشدد پھیلا رہا۔