تہران ۔ 26 مئی (یو این این) بھارت کا پہلا مال بردار بحری جہاز چابہار بندرگاہ پہنچ گیا۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبے سیستان و بلوچستان کے شیپنگ اور پورٹس کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ بھارت کا پہلا مال بردار بحری جہاز چاولوں کے تین سو کنٹینر لے کر چابہار کی شہید کلانتری بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے چابہار بندرگاہ کے لئے سامان کی منتقلی میں فی کنٹینر 750 ڈالرکی بچت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی اور غیر ملکی تاجر، بھارت سے براہ راست سامان چابہار بندرگاہ پرمنگوا سکتے ہیں اور اس کے بعد وہاں سے اسے دیگر ملکوں کے لئے روانہ کر سکتے ہیں۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ خلیج فارس کے ملکوں کے درمیان براہ راست سامان کی منتقلی کی سپلائی لائن تیار کرنے سے بھی اس علاقے کی ترقی و پیشرفت میں اہم مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ چابہار بندرگاہ میں شہید بہشتی پروجیکٹ کا پہلا فیز مکمل ہو جانے کے ساتھ ہی بڑے مال بردار بحری جہاز اس بندرگاہ پر آنا شروع ہو جائیں گے۔