انقرہ ۔ 26 مئی (یو این این) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ یورپی یونین کا یہ جاننا ضروری ہے کہ ترکی کی رکنیت یونین کے لئے ناگزیر ہے۔صدر اردوان نے نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے برسلز روانگی سے قبل انقرہ ایسن بوعا ائیر پورٹ پر اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا بھی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔صدر اردوان نے کہا کہ ہمیں رکنیت کے لئے کوششیں کرتے 54 سال کا عرصہ گزر چکا ہے ابھی تک ہمیں کیوں انتظار کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے روّیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ترکی کے خود پیچھے ہٹنے کی خواہش رکھتی ہے جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس کا فیصلہ وہ کریں۔صدر اردوان نے کہا کہ ہم مذاکرات میں یورپی یونین کمیشن کے سربراہ جین کلاڈ جنکر اور یورپی یونین کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک کے ساتھ اس موضوع پر بات چیت کریں گے۔ ان کا یہ جاننا ضروری ہے کہ یورپی یونین ہمارے لئے زندگی موت کا مسئلہ نہیں ہے۔دہشت گردی کے موضوع پر بھی بات کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ دہشت گردی اب کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ بن چکی ہے اور گلوبل مسائل کو گلوبل سطح کے تعاون سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک ہم "میرا دہشت گرد اس کا دہشت گرد "جیسے طرز عمل کا مشاہدہ کر رہے ہیں جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اس طرز عمل کو تبدیل کیا جانا شرط ہے۔انہوںنے کہا کہ حالیہ مہینوں میں سینٹ پیٹرز برگ، سٹاک ہوم ،پیرس اور مانچسٹر میں ہونے والے حملوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ دہشتگردی اب کوئی علاقائی مسئلہ نہیں رہی۔