داماد شیخ الاسلام، امیر الہند، صدر جمعیۃ علماء ہند اور دار العلوم دیو بند کے معاون مہتمم حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری رحمۃ اللہ علیہ کا سانحہ ارتحال جمعیۃ علما ء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کا تعزیتی بیان

داماد شیخ الاسلام، امیر الہند، صدر جمعیۃ علماء ہند اور دار العلوم دیو بند کے معاون مہتمم حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری رحمۃ اللہ علیہ کا سانحہ ارتحال
جمعیۃ علما ء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کا تعزیتی بیان
یہ خبر انتہائی رنج و غم کے ساتھ دی جاتی ہے کہ داماد شیخ الاسلام امیر الہند جمعیۃ علماء ہند کے صدر دار العلوم دیو بند کے معاون مہتمم حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصوری پوری صاحب قدس سرہ آج بتاریخ 21 ؍ مئی بروز جمعہ سوا ایک بجے ہمیشہ ہمیش کے لئے اس دار فانی کو چھوڑ کر اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔ اس حادثہ فاجعہ پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت قاری صاحب نو راللہ مرقدہ کی رحلت ملت اسلامیہ کا عظیم سانحہ ہے۔ قحط الرجال کے اس دور میں آپ کاہم سے جدا ہوکر اپنے مالک حقیقی سے جا ملنا،یہ کسی ایک طبقے کا نقصان نہیں بلکہ پوری ملت اسلامیہ کانقصان ہےجس کا پر ہونا بظاہر مشکل ہے،اللہ تعالی ملت ا سلامیہ کو آپ کا نعم البدل عطا ء فرمائے ۔
حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری صاحب نوراللہ مرقدہ صدر جمعیۃ علماء ہند کے سانحہ ارتحال نے ایک بار پھر ملک و ملت اور علمی و روحانی حلقوں کی فضاء کو مغموم و متاثر کردیا ہے ، ساری دنیا میں پھیلے ھوئے حضرت قاری صاحب ؒکے تلامذہ ، فیض یافتگان و متعلقین خاص طور پرپورے ملک میں پھیلے ہوئے جمعیۃ علماء کے خدام اس اندوھناک خبر کو سن کر سکتہ میں ھیں اور افسردگی کے حال سے گزر رہے ہیں ۔ اللہ پاک حضرت قاری صاحب کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اورآپ کی خدمات جلیلہ صدقہ میں دائمی رفعت اور سرسبزی وشادابی سے سرفراز فرمائے ۔ حضرت قاری صاحب علمی دنیا کی ان نامور ، ممتاز اور باوزن شخصیات میں شمار کئے جاتے تھے جنہوں نے اسلاف کی یادوں اور روایات کو زندہ و تابندہ رکھا اور اپنی متانت ، سنجیدگی ، اعتدال ، میانہ روی اور حسن انتظام سے دنیا کو متاثر کیا اور اپنے بعد والوں کے لئے ایک بہترین نمونہ چھوڑا ۔علمی شان و وقار ، اخفاء حال ، تواضع اور کسر نفسی ، ضیافت و مہمان نوازی ، حسن اخلاق اور زبان وبیان کی شگفتگی اور شیرینی حضرت قاری صاحب کی شخصیت کا نمایاں پہلو تھا ۔آپ دارالعلوم دیو بند میں انتظامی امور کے ساتھ ساتھ طویل عرصہ تک مشکوۃ شریف ،طحاوی جیسی حدیث کی اہم کتابوں کا درس دے رہے تھے، کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت کے ناظم تھےختم نبوت اور رد قادیانیت پر کی گئی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
حضرت قاری صاحب بلا مبالغہ نمونہ اسلاف تھے آپ کو دیکھ کر حضرات صحابہ کرام کی یاد تازہ ہو جاتی تھی ، دارالعلوم دیوبند ، جمعیۃ علما ءہند،اور ادارۃ المباحث الفقہیہ میں تاقیامت آپ کی کمی کا احساس رہے گا۔آپ حضرت فدائے ملت حضرت مولانا سید محمد اسعد مدنی نوراللہ مرقدہ کے اجل خلفائے میںسے تھے آپ کی ذات سے ہزاروں لوگوں کی اصلاح ہوئی ۔حضرت قاری صاحبؒ سے میر ےگہرے مراسم تھےخاص طور پرجمعیۃ علماء ہندکے کاز کےتعلق سے اپنے علمی تجربات کی روشنی میں انتہائی پیارو شفقت سے ہم چھوٹوں کو بہت ہی مفید اور قیمتی باتیں بتایا کرتے تھےیقینا آپ کی یاد آتی رہےگی۔ ، اور جب کبھی جمعیۃ علماء کے تحت مہاراشٹر میں منعقد ہونے والے دینی پروگراموں میں شرکت کے لئے دعوت دیتا تو حضرت قاری صاحب رحمۃ اللہ بخوشی قبول فرماتے اور حو صلہ افزائی فرماتے آج ہم خدام جمعیۃ علماء مہا راشٹر حضرت قاری صاحب ؒ کی شقفت و محبت سے محروم ہو گئے ہیں ۔
مولانا ندیم صدیقی نے مزید کہا کہ اس موقع پر ہم حضرت قاری صاحب کے صاحبزادوں حضرت مولانامفتی سید محمد سلمان منصور پوری صاحب،حضرت مفتی سید محمد عفان منصور پوری صاحب اور حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ودیگر اعزہ و اقربا ء سے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا ء کرتے ہیں کہ اللہ رب العزت حضرت قاری صاحب کی بال بال مغفرت فرمائے،ان کی خدمات کو قبول فرمائے،جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا فرمائے،امت کو آپ کا نعم البدل عطاء فر مائے،، لواحقین اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا ء فرمائے۔ انہوں نے صوبے بھر میں واقع جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی تمام یونیٹوںں کے عہدیداران و اراکین، ذمہ داران مدار س اسلامیہ ائمہ مساجد اور عامۃ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ حضرت ؒ قاری صاحب ؒ کے لئے دعاء مغفرت اورایصال ثواب کا اہتمام کریں۔