دار العلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم دار العلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم اور جمعیۃعلماء ہند کے صدر، امیر الہند حضرت مولانا قاری عثمان منصور پوری کا سانحہ ارتحال، دیوبندی مکتبہ فکر کا خسارہ عظیم ہے :مولانا مستقیم احسن اعظمی
دار العلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم دار العلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم اور جمعیۃعلماء ہند کے صدر، امیر الہند حضرت مولانا قاری عثمان منصور پوری کا سانحہ ارتحال، دیوبندی مکتبہ فکر کا خسارہ عظیم ہے :مولانا مستقیم احسن اعظمی
ممبئی : آج بتاریخ 21 مئی 2021 دوپہر میں عین جمعہ کے وقت دار العلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم اور شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ کے داماد، دیوبندی مکتب فکر کے نمائندے، صاحب ورع بزرگ، امارت شرعیہ کے سلسلہ زریں کے رکن رابع امیر الہند حضرت مولانا قاری محمد عثمان منصورپوری صاحب نے مختصر علالت کے بعد دہلی کے میدانتا اسپتال میں آخری سانس لی اوریا ایتھا النفس المطمئنۃ ارجعی الی ربک راضیۃ مرضیۃکے مصداق اپنے رب کے حضور پہونچ گئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون
حضرت قاری صاحب رحمۃ اللہ کے انتقال پر ملال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی صاحب نے کہا کہ دیوبندی مکتب فکر کے ایک اہم نمائندہ سے ہم محروم ہو گئے، جو اپنی علمی وجاہت، تقوی وطہارت اور خاندانی نسبت ہر حیثیت سے جامع شخصیت کے حامل تھے۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ کا رشتہ حضرت قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ سےکنا کرھانی فرس یعنی ایک گھوڑے کی دو لگام جیسا رشتہ تھا، اس موقع پر ہم حضرت مدنی دامت برکاتہم، اور پورے خانوادہ مدنی اور حضرت قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی اولاد واحفاد کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں۔
مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ بلند پایہ عالم دین،عظیم المرتبت محدث ہونے کے ساتھ بے لوث قائد بھی تھے۔
مولانانے کہا کہ دار العلوم دیوبند ایک مخلص استاد اور مشفق مربی سے محروم ہو گیا ہے، اللہ تبارک و تعالیٰ قحط الرجال کے اس دور میں غیب سے اس کی تلافی کا سامان مہیا فرمائے۔
آپ نے جمعیۃعلماء کی جملہ اکائیوں،ائمہ مساجد،ذمہ داران مدارس عربیہ سے حضرت قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ایصال ثواب کیلئے درخواست کی۔