پروفیسرشکیل احمد صمدانی نے بھی دنیا کو الوداع کہہ دیا

آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد کا اظہارِ غم

آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے معزز رکن و ڈین فیکلٹی آف لاء، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر شکیل احمد صمدانی بھی اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔ پروفیسر شکیل احمد صمدانی نہایت خوش مزاج اور زندہ دل انسان تھے جن کا ہندوستانی قانون اور دنیا کے مختلف ممالک کے قوانین اور ان کی تہذیبی و ثقافتی وراثت کا وسیع مطالعہ تھا۔

مرحوم پروفیسر شکیل صمدانی کی ملکی و ملی معاملات پر نہ صرف گہری نگاہ تھی بلکہ ان کے اندر ملی تڑپ بھی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ پروفیسر صمدانی فن خطابت کے بھی ایسے شہ سوار تھے جو عوام میں بے حد مقبول تھے اور ملک کے مختلف عوامی اجتماعات اور قوانین پر ہونے والے سیمینار اور مباحثوں میں مدعو کیے جاتے تھے۔

پروفیسر شکیل صمدانی کے انتقال پر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے اظہارِ رنج و غم کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اللہ کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ اللہ مرحوم کی بال بال مغفرت فرما ئے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ اللہ ملت کے لیے ان کی تڑپ اور ان کے نیک کاموں کا ان کو آخرت میں بہترین نعم البدل عطا فرمائے اور جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے، اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔