معروف دانشور پروفیسر اشتیاق دانش کا انتقال ۔آئی او ایس کا اظہار تعزیت

معروف دانشور پروفیسر اشتیاق دانش کا انتقال ۔آئی او ایس کا اظہار تعزیت

پروفیسر اشتیاق دانش اسلامیات کے ماہر اوردسیوں کتابوں کے مصنف تھے ۔ وہ معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آ بجیکٹیو اسٹڈیز میں فائننس سکریٹری تھے

نئی دہلی ۔16اپریل2021
معروف دانشور پروفیسر اشتیاق دانش کا آج صبح 16اپریل کو 61 سال کی عمر میں دہلی میں انتقال ہوگیا ۔وہ پچھلے ایک ہفتہ سے کرونا وائرس سے متاثر تھے اور جامعہ ہمدرد کے مجیدیہ ہسپتال میں علاج ہورہاتھا جہاں 16اپریل کو انہوں نے آخری سانس لی اور کووڈ 19 کی رہنما ہدایات کے مطابق آئی ٹی او کے نزدیک واقع قبرستان میں تدفین عمل میں آئی ہے۔
پروفیسر اشتیاق دانش اسلامیات کے ماہر اوردسیوں کتابوں کے مصنف تھے ۔ وہ معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آ بجیکٹیو اسٹڈیز میں فائننس سکریٹری تھے اور اس کے علاوہ متعدد اہم ذمہ داریاں نبھارہے تھے ۔جامعہ ہمدرد میں شعبہ اسلامیات کے پروفیسر تھے ۔
پروفیسر اشتیاق دانش کی ولادت 13فروری 1960 میں اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں ہوئی ، جامعہ الفلاح سے فراغت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے یونیورسیٹی کار خ کیا۔1990 میں علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور اس کے بعد وہیں تین سالوں تک اسلامیات اور مغربی ایشاءکی تاریخ کے اسسٹنٹ پروفیسر رہے ۔ 1994 میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے جامعہ ہمدرد میں ان کی بحالی ہوگئی ۔ تین سالوں بعد وہ اسوسی ایٹ پروفیسر ہوگئے اور 2008 میں وہ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے لگے ۔ مرحوم معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز سے شروع سے وابستہ تھے اور متعدد ذمہ داریوں کو نبھارہے تھے ۔ فائننس سکریٹری کی ذمہ نبھانے کے علاوہ آئی او ایس کی گورننگ کونسل ، جنرل اسمبلی اور شاہ ولی اللہ ایوارڈ کمیٹی کے رکن تھے ۔آئی او ایس نیوز لیٹر اور سالانہ جرنل ” جرنل آف آبجیکٹیو اسٹڈیز “کے ایڈیٹر تھے۔
یونیسف اور دیگر نیشنل اور انٹرنیشل ایجنسیوں کے تعاون سے انہوں نے متعدد اہم منصوبوں پر تحقیق اور ریسرچ کا کام کیا ۔ سچر کمیٹی کے حوالے سے بھی ہندوستان میں مدارس کے احوال پر جور پوٹ تیا ر ہوئی اس میں انہوں نے اپنی خدمات پیش کی ۔ مرحوم 9 سے زیادہ کتابوں کے مصنف تھے ۔ ان کے30 سے زیادہ تحقیقی مضامین نیشنل اور انٹرنیشل جرنل میں شائع ہوچکے ہیں ، اس کے علاوہ ٹائمز آف انڈیااور دیگر اخبارات میں ان کے 250 سے زیادہ مضامین شائع ہوچکے ہیں ۔ امریکہ ،برطانیہ ، کویت ، ترکی ، سری لنکا ، پاکستان ،ملیشیا ، انڈونیشیا، سوڈان سمیت دسیوں ممالک میں انہیں جانے کا موقع ملا جہاں انہوں نے سمینار اور کانفرنسوں میں شرکت کی اور اپنا مقالہ پیش کیا ۔
پروفیسر اشتیاق دانش کے انتقال پر آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کیا اور کہاکہ آئی او ایس کیلئے بہت بڑا خسارہ اور حادثہ جس کی تلافی ممکن نہیں ہے ۔ آج ہمارے دمیان سے ایک شخص رخصت ہوگیا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ آئی او ایس اور ملت اسلامیہ کیلئے وقف کررکھا تھا ، وہ ہمارے عزیزرفیق، مخلص دوست اور معاون تھے ۔ آئی او ایس کے مشن کو آگے بڑھانے ، اس کے خاکہ میں رنگ بھرنے کا جوکام انہوں نے کیا ہے اسے کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتاہے اور ہمیشہ ان کی کمی محسوس ہوگی ۔ خاص طور پر انہوں نے اسلام کی جدید فکر ۔ عالمی تہذیب کے ساتھ اسلامی تہذیب کے فروغ اور فکر اسلامی پر جو کام کیا ہے اور جو کتابیں لکھیں وہ غیر معمولی ہیں ۔ڈاکٹر منظور عالم نے کہاکہ پروفیسر اشتیاق دانش کی وفات سے ہمارا ایک بازو ٹوٹ گیاہے اور یقینی طور پر آئی او ایس کابہت بڑا خسارہ ہوا ہے ۔
مرحوم کی وفات پر آئی او ایس نے بھی ایک پریس نوٹ جاری کرکے شدید رنج وغم کا اظہار کیا اور کہاکہ اس موقع پر ہم سبھی اراکین واسٹاف شدید رنجیدہ ہیں اور دعاءگو ہیں کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے ، اہل خانہ کو صبر جمیل عطاءفرمائے اورپوری دنیا کو اللہ تعالی اس وباءسے محفوظ فرمائے ۔آمین ۔