اردو اکادمی دہلی کی گورننگ کونسل کی تشکیل نو عمل میں آئی مشہور صحافی عبدالماجد نظامی کا نام بھی شامل
اردو اکادمی دہلی کی گورننگ کونسل کی تشکیل نو عمل میں آئی اور معروف و مشہور قلم کار اور معزز حضرات کو گورننگ کونسل میں شامل کیا گیا جس میں مشہور صحافی عبدالماجد نظامی کا نام بھی شامل ہے،یہ تشکیل نو دو سال کے لۓ عمل میں لائی گئی جسکا وائس چیئرمین حاجی تاج محمد کومنتخب کیا گیا۔
اس موقع پر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل سہارنپور نے اردو اکادمی دہلی کی گورننگ کونسل کا ممبر منتخب ہونے پر معروف صحافی عبدالماجد نظامی کو جامعہ رحمت گھگھرولی کی جانب سے مبارک باد پیش کی اور مزید ترقی و کامیابی کے لۓ دعا کی،انھوں نےخوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ جناب عبدالماجد نظامی ندوی کا گورننگ کونسل میں منتخب ہونا میرے لۓ ایک خوشی کی بات ہے اور میں دل کی گہرائیوں کے ساتھ انکو مبارک باد پیش کرتا ہوں،کیونکہ بلاشبہ وہ اسکے مستحق ہیں اور یہ اس علاقے اور وطن کے لۓ اعزاز کی بات ہے جہاں موصوف جیسے باصلاحیت لوگ پاۓ جاتے ہیں،یقینا انھوں نے اردو ادب و صحافت کی راہ میں محنت و مشقت کے ذریعہ سے اپنی کاوشوں کے نقوش ثبت کۓ ہیں اور اردو دنیا میں انکی تخلیقات سے اردو ادب کو فروغ حاصل ہوا ہے۔
اسکے علاوہ انھوں نے وائس چیئرمین کی ذمہ داری ملنے پر حاجی تاج محمد اور ان تمام اراکین کو بھی جنھیں گورننگ کونسل میں شامل کیا گیا مبارک باد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔