منشیات پر قابو پانے کے لیئے اعلی پولس افسر اور ڈرگس آفیسر کو جمعیۃ علماء کی جانب سے میمورنڈم دیا گیا

منشیات پر قابو پانے کے لیئے اعلی پولس افسر اور ڈرگس آفیسر کو جمعیۃ علماء کی جانب سے میمورنڈم دیا گیا
افسران نے جمعیۃعلماء کے انسانی معاشرہ کے اصلاح و سدھار کی حالیہ مہم و سرگرمیوں کی ستائش و تعریف کی

جالنہ / مہاراشٹر 13/ فروری : جمعیۃعلماء ضلع جالنہ ارشد مدنی کے وفد نے آج جالنہ ایس پی ونائک دیشمکھ اور ڈرگس آفیسر انجلی مٹکر سے ملاقات کی اور سماج میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال پر قابو کرنے کے لیئے میمورنڈم دیا۔


میمورنڈم میں جمعیۃعلماء ضلع جالنہ کے پلیٹ فارم سے اصلاح معاشرہ (سماج سدھار)اور خصوصاًمنشیات کے خلاف جاری مہم تذکرہ کیا گیا ہے، میمورنڈم میں مزید لکھاگیا ہیکہ ہمارا سماج منشیات کے خوفناک زہر کے حصار میں ہے۔ نئی نسل اپنے تابناک مستقبل سے لاپرواہ ہوکر تیزی کے ساتھ اس زہر کو مٹھائی سمجھ رہی ہے۔اور بے تحاشہ اس کا استعمال کر رہی ہے،جو نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے،ان کی زندگی کو اندھیرے میں ڈال کر ان کی جوانی کو آہستہ آہستہ کھوکھلا کررہا ہے۔
منشیات کی عادت ایک خطرناک مرض ہے،یہ خود انسان کو اور اس کے گھر بار،معاشرے،ملک اور پوری قوم کو تباہ کر دیتا ہے۔اگر ایک بار کوئی نشہ کرنے کا عادی ہوجائے تو وہ پھنستا ہی چلا جاتا ہے۔اور پھنسنے کے بعد اس کے مضر اثرات کا ادراک نہیں ہوتا ہے۔اس کی روک تھام ضروری ہے،یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیا میں اس کے خلاف آواز اٹھائی جارہی ہے۔لیکن اس کے باوجود اس میں دن بدن اضافہ ہوتا چلاجارہا ہے۔ نیز ہمارے شہر جالنہ اور اس کے اطراف میں اس کی شکایات عام ہیں۔یہ وبا عام ہونے کی وجہ سے سبھی سماج کے لوگ پریشان اور متفکر ہیں۔
میمورنڈم دیتے ہوئے متعلقہ افسران سے اپیل کی گئی کہ پورے ضلع جالنہ میں نشہ کے خلاف ایکشن لیں،اور اپنے محکمہ کے ذریعہ انسانی معاشرہ کو اس سے پاک کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کریں اور اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس پر قدغن لگانے کے لیئے کوشش کریں۔
ایس پی اور ڈرگس انسپکٹر نے جمعیۃعلماء کے انسانی معاشرہ کے اصلاح و سدھار کی حالیہ مہم و سرگرمیوں کی ستائش و تعریف کی۔اور اپنی جانب سے یقین دہانی کرائی کہ وہ لوگ مزید اس کے تعلق سے اقدامات و ایکشن لیں گے۔
نشہ مکت کے لئے محضر(میمورنڈم) دینے والے جمعیۃعلماء کے وفد میں مولانا سید نصر اللہ سہیل حسینی ندوی(صدر جمعیۃعلماء ارشد مدنی ضلع جالنہ)محمد ایوب خان (جنرل سکریٹری)مولانا محمد عیسیٰ خان کاشفی (شہر صدر)محمد افتخار الدین (نائب صدر)محمد اشفاق کاغذی ایڈوکیٹ،حافظ عبد السلام قریشی،مولانا سید احسان ندوی،ایڈوکیٹ خرم عادل خان،مفتی سید نعمان حسینی ندوی،اسجد خان،مفتی عذیر،سید فضیل وغیرہ تھے۔ایسی خبر محمد ایوب خان جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع جالنہ نے اپنے نوٹ میں دی ہے۔