تحریک ریشمی رومال کا مرکز خانقاہ رحیمی راۓپور میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی حاضری , علماء کرام،اداروں کے ذمہ دار و معزز شخصیات سے ملاقات
تحریک ریشمی رومال کا مرکز خانقاہ رحیمی راۓپور میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی حاضری , علماء کرام،اداروں کے ذمہ دار و معزز شخصیات سے ملاقات
سہارنپور 10فروری : برصغیر کی مشہور و معروف خانقاہ رحیمی راۓپور میں آج کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریاستی صدر اجے کمار للو اور مقامی لیڈروں کے ساتھ دعاء و زیارت کے لۓ حاضری دی اور علماء کرام،اداروں کے ذمہ دار و معزز شخصیات سے ملاقات کرکے علاقائی مسائل جانے اور مقامی لوگوں سے انکے احوال دریافت کۓ،اسی درمیان انھوں نے رحیمی خانقاہ راۓ پور کے ناظم و متولی شاہ عتیق احمد سے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا اور دعاء کے لۓ خواہش ظاہر کی ۔
غور طلب ہے کہ یہ معروف قدیمی خانقاہ بہٹ کے قریب ایک گاؤں راۓ پور میں واقع ہے جسے مولانا شاہ عبدالرحیم رحمۃ اللہ علیہ نے 1888 میں ایک چھپر کے نیچے قائم کیا تھا جس نے اس وقت سے لیکر اب تک لاکھوں لوگوں کی اصلاح کاایک اہم کام انجام دیا،جنگ آزادی میں بھی اسکے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا خاص طور سے اس وقت جب شیخ الہند مولانا محمود الحسن اور شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنی کی گرفتاری کے بعد تحریک ریشمی رومال کا مرکز یہ خانقاہ بنی اور پھر شاہ عبدالرحیم راۓپوری کی سرپرستی میں آزادی کے ممتاز رہنماؤں نے انگریزوں کے خلاف جنگ آزادی میں ایک اہم رول ادا کیا،یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں نفس کو پاکیزہ بنانے کے لۓ تربیت دی جاتی ہے، ہر زمانہ میں یہاں سے رشد و ہدایت کے ساتھ خدمت خلق کا کام بھی انجام دیا جاتا ہے اور آج بھی خانقاہ اپنے اپنے انداز پر یہی کام انجام دے رہی ہے، یہاں سے ، محبت ، بھائی چارہ ، مساوات ، اتحاد اور یکجہتی کا پیغام انسانیت تک پہنچا ہے۔ یہ ایک ایسے ادارے کا نام ہے جو نسل ، مذہب اور نسب کے بارے میں کچھ نہیں جانتی ، اس کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، یہاں انسان کو یہ تعلیم دی جاتی ہے کہ وہ جھوٹ بولنے ، غیبت کرنے ، گالی دینے ، زنا کرنے ، کسی کی جائیداد پر ناجائز قبضہ کرنے ، قتل کرنے ،رشوت خوری، چوری کرنے اور تمام جہالت و گمراہی کے کاموں سے پرہیز کرے گا، مولانا علی میاں ندوی کا رائے پور خانقاہ سے بھی گہرا تعلق رہا ہے اور انہوں نے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی ہمدردی ، فیاضی ، سچائی اور ایمانداری کا پیغام دیا ہے اور ہندوستان میں ہندو مسلم اتحاد کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، اس خانقاہ اور اس جیسی دیگر خانقاہوں سے فیض یافتہ لوگوں نے ہندوستان کی آزادی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور ہندو مسلم اتحاد کے ساتھ انگریزوں کے خلاف نمایاں تحریکیں چلائیں ہیں۔
گاندھی جی اور پنڈت جواہر لال نہرو کا بھی ان خانقاہوں اور ان کے علمائے کرام سے پیار اورایک گہرا تعلق رہاہے ، پھر ان سب نے ہندوستان میں اتحاد کے لئے مل کر کام کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس کی تنظیم نو مہم کی قیادت پرینکا گاندھی کررہی ہیں، علاقائی سطح پر اپنی گرفت مضبوط کرنے میں مصروف کانگریس کے حق میں ماحول کو مزید سازگار بنانے کیلئے پارٹی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نئے سال میں بڑے پیمانے پر رابطہ مہم چلارہی ہیں،اس سے پہلے پرینکا گاندھی واڈرا نے شاکمبری دیوی کی زیارت کی اور اسکے بعد خانقاہ رحیمی میں دعاء کے لۓ اور علماء کرام کے مزار پر حاضری دی اسکے بعد انھوں نے چلکانہ میں سیاہ قوانین خلاف کسانوں کی مہاپنچایت میں شرکت کرکے خطاب کیا اور نئے زرعی قوانین سے مستقبل میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں کسانوں کو بیدار کیا۔ شرکاء میں جن معزز حضرات نے شرکت کی ان میں قابل ذکر سابق ایم ایل اے عمران مسعود،مظفر چودھری ضلع صدر،مسعود اختر ایم ایل اے ,نریش سینی ایم ایل اے،ایس ڈی او ہریش راوت،عبدالمالک مغیثی ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل سہارنپور،مولانا ظہور،مولانا بدرعالم ندوی،قاری افتخار،قاری مصطفی،قاری عاطف وغیرہ۔