جمعیۃعلماء ضلع بیڑکی جانب سے مفت میڈ یکل کیمپوں کے انعقادکا سلسلہ جاری

جمعیۃعلماء ضلع بیڑکی جانب سے مفت میڈ یکل کیمپوں کے انعقادکا سلسلہ جاری
اب تک شہر و مضافات کے16000سے زائد لوگوں نے استفادہ کیا
ممبئی (بیڑ / مہاراشٹر) 9/ستمبر
عالمی وباء کووڈ 19کے پیش نظر جمعیۃعلماء کے کارکنان کافی فکر مند ہیں،اور وہ حتی المقدور اس مصیبت کی گھڑی میں امداد و راحت رسانی کا کام کر رہے ہیں۔اس مہاماری میں پورے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے معیشت میں کافی گراوٹ آئی ہے جس کی وجہ سے بہت سارے لوگ بے روزگار ہوگئے،اور وہ کھانے پینے اور ضروریات زندگی کی اشیاء کے لئے محتاج ہوگئے۔ پریشانی کے اس عالم میں جہاں لوگ کھانے پینے کے محتاج ہوں ایسے میں دوا علاج کے لئے رقم کا انتظام کرنا ایک اہم مسئلہ بنا ہوا ہے۔
لوگوں کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے جمعیۃعلماء ضلع بیڑ نے ضلع کے مختلف مقامات پر متعدد کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا۔اور الحمد للہ جمعیۃ علماء ضلع بیڑ اور ستیہ مالک لوک سیوا گروپ مالیگاؤں کے اشتراک سے بیڑ کے اقراء اردو اسکول گاندھی نگرمیں بھی گزشتہ ماہ حافظ محمد ذاکر صدیقی نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے بدست مفت میڈیکل کا افتتاح عمل میں آیا۔
میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے نائب صدر حافظ محمد ذاکر صدیقی نے کہا کہ یہ میڈیکل کیمپ تین دن تک جاری رہے گا،یہ میڈیکل کیمپ بلا تفریق مذہب و ملت لوگوں کے علاج و معالجہ کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ہم شہر و مضافات کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس میڈیکل کیمپ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔اقراء اردو اسکول گاندھی نگرکے سکریٹری نظام بھائی نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ لوگوں کو اس میڈیکل کیمپ کا بڑے پیمانے پر فائدہ ہوگا۔
ضلع بیڑ میں جمعیۃعلماء کا یہ 11/واں میڈیکل کیمپ ہے،اس سے قبل 10جگہوں پر میڈیکل کیمپ لگایا جاچکا ہے،جس میں 16000سے زائد لوگوں کا چیک اپ کرکے دوا دی گئی۔واضح رہے کہ 25/اگست سے لگائے جانے والے میڈیکل کیمپوں میں سے فی الحال 5کیمپ ابھی بھی جاری ہیں۔جن میں یومیہ اوسطاً ایک ہزار کے قریب مریضوں کی تشخیص اور دوا ئیں دی جاتی ہیں۔
ان میڈیکل کیمپوں کے لئے جمعیۃعلماء ضلع بیڑ نے 26/ ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کی خدمات حاصل کی ہے،جس میں سے 21/ڈاکٹر(ڈاکٹر محمد ذکی جاوید،ڈاکٹر عمران،ڈاکٹر مطیع الرحمٰن،ڈاکٹر نوید علی،ڈاکٹر سمیر عتیق احمد،ڈاکٹر فیضان،ڈاکٹر محمد راحل،ڈاکٹر عثمان غنی،ڈاکٹر جمیل الرحمٰن،ڈاکٹر غلام،ڈاکٹر محمود،ڈاکٹر معاذ،ڈاکٹر عثمان،ڈاکٹر اخلاق،ڈاکٹر متین،ڈاکٹر عاصم،ڈاکٹر وجاہت،ڈاکٹر شکیل،ڈاکٹر الیاس،ڈاکٹر فیض ستیہ مالک لوک سیوا گروپ مالیگاؤں سے اور بقیہ 5مقامی ہیں،جن میں،ڈاکٹر محترمہ ادیبہ اور ڈاکٹر محترمہ نشاط انجم شامل ہیں۔
شہر بیڑ و مضافات کے مختلف مقامات پر 25/ اگست 2020کو11/میڈیکل کیمپ کا افتتاح عمل میں آیا،جن میں (1)تکیہ مسجد گلزار پیر بیڑ،(2)بالے پیر درگاہ والی مسجد،(3)ایک مینار مسجد بالے پیر بیڑ،(4)مسکان نگر،(5)اندرا گاندھی اسکول امرائی بیڑ،(6)تیل گاؤں ناکہ (7)نور مسجد بیڑ،(8)مدرسہ مبلغ الاسلام بالمقابل آڑھت مارکیٹ بیڑ،(9)اقراء اسکول اسلام پورہ بیڑ،(10)مالاپوری گرام پنچایت مومن آباد امبے جوگائی اور(11) اقراء اردو اسکول گاندھی نگر کے نام شامل ہیں۔
جمعیۃعلماء ضلع بیڑ اورستیہ مالک لوک سیوا گروپ مالیگاؤں کے اشتراک سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کی ضلع کلکٹر نے سراہنا کرتے ہوئے منتظمین کی حوصلہ افزائی کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں مفتی عتیق الرحمٰن جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع بیڑ،حافظ جنید صدیقی شہر صدر جمعیۃ علماء بیڑ،مولاناسلیم اشرفی،مولانا عبد الہادی،مولانا عبد الباقی حسامی،فاروق پٹیل،زیت اللہ خان،معین الدین ماسٹر،برکت پٹھان،علیم پٹیل، جمعیۃعلماء کے طاہر، نگر سیوک عامر شیخ،نگرسیوک انعامدار،نگرسیوک اقبال بھائی،نگرسیوک شیخ نظام بھائی،ایم آر مشرف سید ریحان،سفیان شاہ،مستمر اورڈاکٹر فیض وغیرہ کاتعاون رہا ہے۔

جمعیۃ علماء مہاراشٹر