ویلفیر پارٹی ہندوستان میں فیس بک کے جانبدارانہ طرز عمل کی مذمت کرتی ہے۔
نئی دہلی، 19اگست:
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ہندوستان میں فیس بک کے جانبدارانہ طرز عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ویلفیئر پارٹی فیس بک اور برسر اقتدار پارٹی بی جے پی کے درمیان ناپاک رشتوں کی پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ انکوائری کا بھی پرزور مطالبہ کرتی ہے۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا گروپ عوامی پلیٹ فارم ہیں جنھیں ہر قسم کے تعصب اور سیاسی جانبداری سے بالاتر ہونا چاہیے۔ بی جے پی اور فیس بک کے درمیاں جو ناجائز گڑھ جوڑ اور ساز باز سامنے آیا ہے وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے آگے کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں کی نفرت آمیز اور اشتعال انگیز تقاریر و بیانات کی فیس بک کے ذریعہ مسلسل تشہیر اور عوام کے غم و غصہ کے باوجود ان کا نہ ہٹایا جانا خود فیس بک کی تشہیری پالیسی کے خلاف اور ہندوستان جیسے بڑے مارکیٹ میں اس کا یہ طرزعمل انتہائی شرمناک ہے۔
ڈاکٹر الیاس نے آگے کہا کہ ایسی اشتعال انگیز اور نفرت آمیز تقاریر نہ صرف لوگوں کو تشدد پر ابھارتی ہیں بلکہ انتخابات کے وقت عوام کو پولارائز کرکے انتخابی عمل کو متاثر بھی کرتی ہیں۔ فیس بک کا رویہ اس کی عالمی تشہیری پالیسی جس کا اسے ہر حال میں پاس و لحاظ رکھنا چاہیے کہ نہ صرف منافی ہے بلکہ غیر اخلاقی اور غیر معیاری بھی ہے۔
ویلفیئر پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ فیس بک کی ہندوستانی انچارج محترمہ آنکھیں داس کو فی الفور معطل کرکے ایک اعلی سطحی جانچ کروائی جائے اور جو لوگ بھی اس طرز عمل کے مرتکب قرار پائے جائیں ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے۔
جاری کردہ
میڈیا کو آر ڈی نیٹر