آمنا سامنا میڈیا نیٹ ورک :
عالمی خبریں
نامہ نگار : محمد سمیع اللہ شیخ
دنیا بھر میں کووڈ 19 مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 11 لاکھ سے تجاوزکرگئی
دنیا بھرمیں کورونا کے وار جاری ، مہلک وبا سے اب تک 5 لاکھ 29 ہزارسے زائدافراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 11لاکھ 91 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، مہلک وائرس سے دنیا بھرمیں اموات کی تعداد 5لاکھ 29ہزارسے زائد ہوگئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 11لاکھ سےتجاوز کرگئی۔ امریکا میں ایک روز میں 54ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ، اموات کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزارسےزائد ہوگئی جبکہ 28 لاکھ 90ہزار سے زائد کوروناکیسز کےساتھ کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہے۔
وہائٹ ہاؤس کے 8 اہلکار کورونا میں مبتلا
امریکہ کے نائب صدر کے 8 محافظ کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے وہائٹ ہاوس کے حکام اور سکیورٹی ٹیم میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس کی سکیورٹی ٹیم کے 8 خفیہ اہلکار ایسے میں کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں کہ جب چند روز بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاون ریاست آریزونا کے علاقے فونیکس کا دورہ کرنے والے ہیں۔ امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس کی سکیورٹی ٹیم کے 8 اہلکاروں کے کورونا میں مبتلا ہونے سے وہائٹ ہاوس میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں نہ صرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔ امریکہ نے دیگر ملکوں کے مقابلے میں کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل دیر سے شروع کیا اور اب اسے کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اس بیماری کے مقابلے کے لیے ضروری وسائل اور ٹیسٹ کٹس کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مقابلے میں ٹرمپ حکومت کی ناقص کارکردگی اور ناتوانی کی بنا پر امریکی حکومت اور خود ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 32 ہزار 101 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 90 ہزار 588 ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس کے امریکا میں 15 لاکھ 22 ہزار 999 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 928 کی حالت تشویشناک ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 11 لاکھ 93 ہزار 565 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 29 ہزار 127 ہو گئیں۔
جین کاسٹیکس فرانس کے نئے وزیراعظم نامزد
فرانسیسی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے جین کاسٹیکس کو فرانس کا نیا وزیر اعظم نامزد کیا ہے۔ وہ مستعفی وزیراعظم ایڈورڈ فلپ کی جگہ لیں گے۔
55 سالہ نامزد وزیراعظم جین کاسٹیکس سرکاری ملازم رہے ہیں اور انہوں نے متعدد حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ صدر میکرون گزشتہ کئی ماہ سے جاری لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کو ختم کرکے اسے دوبارہ مستحکم کرنے پر توجہ دینے کے لئے حکومت میں ردوبدل کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں کل فرانس کے وزیراعظم ایڈورڈ فلپ نے حکومت سے استعفٰی دینے کا اعلان کیا تاہم مستعفی وزیراعظم ایڈورڈ فلپ اپنی بطور میئر نشست کو برقرار رکھیں گے جس پر وہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں ۔
اسرائيل میں پھر وسط مدتی انتخابات کا خطرہ بڑھا
صیہونی حکومت میں ایک بار پھر وسط مدتی پارلیمانی انتخابات کا امکان بڑھ گیا ہے اور بر سر اقتدار اتحاد کی دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو وسط مدتی انتخابات کی دھمکی دی ہے۔
صیہونی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو اور وزیر دفاع بینی گینٹز کے درمیان شدید بحث کے بعد اسرائيل میں کابینہ اور پارلیمنٹ تحلیل ہونے اور وسط مدت انتخابات کے انعقاد کا خطرہ پیدا ہو گيا ہے۔
صیہونی حکومت کے مقابلے میں فلسطینی تنظیموں کے مابین آپسی اتحاد و یکجہتی میں اضافہ
فلسطینی کی استقامتی تحریکوں کے سینیئر ارکان نے غرب اردن پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے مقابلے کی غرض سے حماس اور الفتح تحریک کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے کا خیر مقدم کیا ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سیاسی دفتر کے رکن نافذ عزام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری توجہ اس وقت تمام فلسطینی قوتوں کے درمیان قومی ڈائیلاگ کے آغاز پر مرکوز ہے اور ہم نے اس سلسلے میں حماس اور الفتح دونوں سے رابطے کیے ہیں۔
نافذ عزام نے واضح کیا کہ فلسطینیوں کو درپیش چیلنجوں اور دباؤ کے مقابلے کے لیے داخلی محاذ کے قیام کے قومی منصوبے کو پھر سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اسرائیل کی توسیع پسندی کی روک تھام کے لیے فلسطینی اتھارٹی اور تمام فلسطینی جماعتوں اور تنظیموں کے درمیان مستقبل کے روڈ میپ کے بارے میں سمجھوتے طے پائیں۔
مسجد الاقصی میں 20 ہزار فلسطینیوں نے ایک ساتھ نماز جمعہ ادا کی
بیت المقدس کے ادارۂ اوقاف اسلامی نے بتایا ہے کہ بیس ہزار فلسطینیوں نے حفظان صحت کے اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے مسجد الاقصی میں نماز جمعہ ادا کی۔
مسجد الاقصی کے امام جماعت یوسف ابو سنینہ نے نماز جمعہ کے خطبوں میں، نمازیوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفظان صحت کے اصولوں اور میڈیکل پروٹوکولز پر پوری طرح سے عمل کریں۔ بیت المقدس کے ادارۂ اوقاف اسلامی نے اس سے پہلے بھی میڈیکل پروٹوکولز کا اعلان کرتے ہوئے نمازیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ماسک لگا کر اور اپنی اپنی جانمازوں کے ساتھ مسجد الاقصی میں جائيں اور سوشل ڈسٹینسنگ کا بھی خیال رکھیں تاکہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے بچ سکیں۔
فلسطین کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق جمعے تک فلسطینی علاقوں میں ساڑھے تین ہزار افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کی پھیلاؤ کے سبب مسجد الاقصی کو بند کر دیا گيا تھا اور پانچ جون کو مسلمانوں کے قبلۂ اول میں بندش کے بعد پہلی بار نماز جمعہ ادا کی گئي۔
ہندوستان: کورونا کا قہر جاری ایک دن میں 22771 افراد مبتلا
ہندوستان میں کورونا وائرس روز بروز شدید شکل اختیار کرتا جارہا ہے اورگذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 22771 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 22771 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 648315 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران کورونا وائرس سے 442 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 18655 ہوگئی ہے تاہم اسی عرصہ کے دوران کورونا سے 14335 مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد اس ملک میں مجموعی طور پر394227 مریض کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
امریکہ سے مذاکرات کی کوئی ضرورت نہیں: شمالی کوریا
شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ایٹمی مذاکرات شروع کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔
شمالی کوریا کی نائب وزیر خارجہ چو سون ھوئی نے ہفتے کو کہا کہ جب تک واشنگٹن، پیونگ یانگ کے سلسلے میں اپنی دشمنانہ پالیسیاں ترک نہیں کرے گا، اس وقت تک وہ امریکہ کے ساتھ ایٹمی مذاکرات شروع نہیں کرے گا۔
شمالی کوریا کی مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ پیونگ یانگ نے امریکی دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے واضح حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
غریب بچوں کے لیے اسکول قائم کرنے پر ہندوستانی نوجوان ‘ڈیانا ایوارڈ’ سے سرفراز۔
ہندوستان کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ کے ایک چھوٹے اور پسماندہ گاؤں کے 21 سالہ نوجوان نیرج مرمو کو تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر ‘پرنسیس ڈیانا ایوارڈ’ سے نوازا گیا ہے۔
پرنسیس ڈیانا ایوارڈ ایسے نوجوانوں کو دیا جاتا ہے جو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر دوسروں کے لیے مثال بنتے ہیں۔ ایوارڈ ملنے پر نیرج نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوارڈ سے اب اُن کے گاؤں کی قسمت بھی بدل جائے گی۔ گاؤں والوں نے بھی نیرج کو ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ہانگ کانگ میں نئے قانون کے بعد پریس کی آزادی خطرے میں
ہانگ کانگ کو جسے ایک زمانے میں ایشیا کے سب سے زیادہ فعال اور پھلتے پھولتے ہوئے میڈیا کے مرکز کے طور پر دیکھا جاتا تھا، چین کی جانب سے اس ہفتے اس نیم خودمختار علاقے پر سیکیورٹی کی پابندیاں نافذ ہونے کے بعد ،اس کی حالت جانکنی کی کیفیت میں مبتلا اس مریض کی سی ہے جسے وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا ہو۔
ہانگ کانگ پر چین نے ایک نئے قانون کا اطلاق کیا ہے جس کا مقصد گزشتہ ایک سال سے جاری جمہوریت نواز مظاہروں پر قابو پانا، علیحدگی پسندی کے رجحانات کا قلع قمع کرنا، توڑ پھوڑ اور دہشت گردی کے واقعات کا سدباب کرنا اور بیرونی فورسز سے تصادم کو روکنا ہے۔ خلاف ورزی کرنے پر تین سال سے عمر قید تک کی سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کی ممکنہ دوا کے ابتدائی نتائج جلد متوقع ہیں، ڈبلیو ایچ او
عالمی ادارہ صحت کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے دوران نئے کورونا وائرس کی ممکنہ دوا کے حوالے سے جاری کلینیکل ٹیسٹس کے ابتدائی نتائج آنے کی توقع ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے گزشتہ روز جینیوا میں کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کی بریفنگ کے دوران یہ اعلان کیا۔ اس عالمی ادارے کے ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیک ریان نے کہا کہ اس ممکنہ دوا کی بڑی تعداد میں دستیابی کے بارے میں پیشن گوئی کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ دنیا بھر میں کووڈ انیس کے مہلک مرض سے اب تک تقریباﹰ گیارہ ملین افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس وائرس سے پانچ لاکھ 25 ہزار سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں۔