عبدالباری مومن صاحب جیسی جہد مسلسل کرنے والی تعلیمی اور سماجی شخصیت سب کے لئے مثال ہے: امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر

عبدالباری مومن صاحب جیسی جہد مسلسل کرنے والی تعلیمی اور سماجی شخصیت سب کے لئے مثال ہے:
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر

4/جولائی 2020 :
کل شام تحریک اسلامی ہند کے دیرینہ رفیق اور آئیٹا کے سابق کل ہند صدر محترم عبدالباری مومن صاحب کا انتقال ہوگیا۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
محترم امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر، رضوان الرحمن خان صاحب نے عبدالباری مومن صاحب کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترم عبدالباری مومن صاحب کے انتقال سے تحریک اسلامی ہند اور بھیونڈی شہر ایک مخلص انسان دوست اور تعلیمی و سماجی طور ایک فعال اور مخلص شخصیت سے محروم ہو گیا۔ مرحوم بے حد سادہ مزاج اور قناعت پسند طبیعت کے مالک تھے۔اخلاص وللہیت کا پیکر تھے۔تحریک اسلامی کے لئے قربانیاں پیش کرنے والے تھے۔ پیشہ تدریس میں گرانقدر خدمات سے سبکدوشی کے بعد بھی سماج کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے لئے ہر وقت متحرک رہتے تھے۔ قحط الرجال کے اس دور میں موصوف کی شخصیت غیر معمولی اہمیت کی حامل تھی۔ ان کی تعلیمی خدمات کا بڑا کارنامہ یہ ھیکہ انھوں نے آل انڈیا آئیُڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن جو لمبے عرصے کے تعطل کا شکار رہی اسے دوبارہ اپنی شب وروز کی محنت سے دوبارہ ایسے کھڑا کیا کہ وہ اس وقت ملکی سطح پر کارکرد اساتذہ تنظیموں میں سب سے بڑی اور فعال تنظیم ہے۔ وہ 2009 تا 2016 اس کے کل ہند صدر رہے اور اس کے بعد بھی اس کی مرکزی قیادت کا حصہ رہے۔
محترم امیر حلقہ نے مزید کہاکہ عبدالباری مومن صاحب جیسی شخصیات اپنے جہد مسلسل سے ایسے نقوش چھوڑ جاتی ہیں جو بہتر معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنے خلوص اور للٰہیت سے بندگان خدا کے دلوں میں اپنی محبت چھوڑ جاتے ہیں۔ عبدالباری مومن ایسی ہی ایک شخصیت تھی جو ہمارے درمیان نہیں رہی لیکن ان کے نقش راہ مثال بنے رہیں گے۔۔وہ اپنے پیچھے سوگواروں کا ایک قافلہ چھوڑ گئے ہیں۔
اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے ان کی قربانیوں اور تحریکی جدوجہد کے عوض اپنی رحمت خاص میں اعلی علّیّین میں جگہ بخشے۔ان کے پسماندگان کو صبر جمیل اور تحریک اسلامی کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔