داعیانہ کردار تقاضہ کرتا ہے کہ یہ ملت اسلام کو پوری زندگی کے رہنما کے طور پر دلائل کے ساتھ پیش کرسکے اور ہمارا معاشرہ اس کا چلتا پھرتا نمونہ بن جائے
داعیانہ کردار تقاضہ کرتا ہے کہ یہ ملت اسلام کو پوری زندگی کے رہنما کے طور پر دلائل کے ساتھ پیش کرسکے اور ہمارا معاشرہ اس کا چلتا پھرتا نمونہ بن جائے
وطن عزیز ہندوستان کے مختلف میدانوں میں غیر معموملی ترقی کے باوجودظلم ،ناانصافی،تشدد،بے روزگاری،غربت ،بھکمری،جہالت،امراض ،خودکشی کےمناظرروز کا معمول بنے ہوئے ہیں ۔ اگر اس ملک میں ملت اسلامیہ کا تصور کریں تو ان سب مسائل کے علاوہ یہ ملت آزمائشوں کی دوہری مار جھیلتی نظر آتی ہے ۔ملک میں تعصب ، نفرت، دینی تشخص پر حملے ،خوف وخطر ، جان و مال کے نقصان کا یہ ملت روز افزوں شکار ہے ۔ لیکن ہم جانتے ہیں کہ یہ مسائل آور آزمائش ہمارا نقصان نہیں ہے ہمار اصل نقصان اس کردار اور منصب کو فراموش کردینا ہےجو ان آزمائشوں کو راحت میں بدل سکتا ہے ۔ہمارا ایمان ہے کہ ان آزمائشوں کے باوجود ملت اسلامیہ کے داعیانہ کردار کے بغیر اس ملک کے سو کروڑ سے زائد انسان نا اپنے رب کو جان سکتے ہیں اور نہ خود کی حقیقت کوپہچان سکتے ہیں۔ دین حق کی رسائی کے بغیر نہ تو معاشرت سنور سکتی ہے اور نہ معیشت ۔نہ سماج میں امن و مساوات ممکن ہے اور سیاست کو ہی صحیح راستہ مل سکتا ہے ۔ ہم جانتے ہیں کہ ہزاروں سال سے ظلم کی چکی میں پس رہے یہاں کے طبقات کے درد کا علاج اور ان کی آخرت کی کامیابی نبی برحق ﷺ کی تعلیمات کی حامل اس امت کے پاس ہی ہے ۔ لیکن افسوس ہے کہ خود ملت اپنی اس کردار کا پورا شعور نہیں رکھتی ۔ لہٰذا ہمیں اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے کہ ملت کے اس کردار کی بحالی سے بڑا اس ملک میں نہ کوئی دینی مشن ہے دنیاوی ترقی کا راستہ ۔ یہ کردار تقاضہ کرتا ہے کہ یہ ملت ،اسلام کو پوری زندگی کے رہنما کے طور پر دلائل کے ساتھ پیش کرسکے اور خود ہمارا معاشرہ اس کا چلتا پھرتا نمونہ بن جائے ۔
جماعت اسلامی ہند ملت کے اس کردار کی بحالی کیلئے کوشاں ہے ۔ملک کی تقریبا تمام ریاستوں کے ساتھ ریاست مہاراشٹر میں بھی جماعت اسلامی قرآن و سنت کی روشنی میں طے شدہ پالیسی ،منظم پروگرام ، ڈسپلن کیڈر اور ملت و سماج کے ساتھ ہم آہنگی و تعاون کے ساتھ مختلف محاذوں پر پیش رفت کررہی ہے ۔الحمد اللہ حلقہ مہاراشٹر میں دعوت دین کے حوالہ سے عملا دعوت پہنچانے کا کام جماعت اسلامی کی پہلی ترجیح ہے ۔ رواں سال ڈیڑھ لاکھ سے زائد برادران وطن تک اسلام کاپیغام پہنچانے کے ہدف کے ساتھ کام جاری ہے ۔علمی کام میں مراٹھی زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ تین سو سے زائد عنوانات پر مراٹھی میں اسلامی لٹریچر، مذاہب کا تقابلی مطالعہ اور مختلف عنوان پر داعیان اسلام کی تیاری بک وین ،مالیاتی اداروں کے ماڈلس کے علاوہ ،مختلف سرگرمیاں جاری ہیں ۔برادران وطن کیلئے بڑے پیمانے پر مسجد پریچے جماعت اسلامی مہاراشٹر کے خصوصی پروگرام میں شامل ہے ۔اسلامی معاشرے کے قیام کیلئے دین کے مکمل تصورعبادت کے ساتھ معاملات اور معاشرت کی تفہیم کی مسلسل کوششیں ، فہم قرآن کیلئے دروس قرآن کے ۴۵۰ پچاس حلقے ،اسلامی لٹریچر پر بڑے پیمانے پر کام کے ساتھ مساجد کے کے حقیقی کردار کی بحالی ، خواتین اور بچوں کی اسلامی خطوط پر نشونما کا کام انجام پاتا ہے ،دارالقضا ٔ اور فیملی کائونسلنگ اس محاذ کی اہم سرگرمی ہے ۔
جماعتوں اور تنظیموں کی آبیاری خون جگر سے ہوتی ہے ۔امیر کی اطاعت مشاور ت دور اندیشی بہترین پالیس سازی مسلسل جد جہد زبردست ڈسپلن عظیم قربانی مالی معاملات کی شفافیت اور جوابدہی کا مؤثر نظام اجتماعیت کی روح ہوتی ہے ۔جماعت اسلامی کا ستر سالہ سفر اس کردار کا گواہ ہے ۔اس کردار اور اس راہ پر گامزن رکھنے پر رب کرین کا شکر بجالاتے ہیں ۔ قرآن و سنت کی رہنمائی میں تشکیل کردہ نظام تربیت میں وابستگان جماعت کے ساتھ طلبا طالبات ، خواتین ،اساتذہ نوجوانوں اور بچوں کے علیحدہ حلقے پوری ریاست میں مصروف کار ہیں ۔جماعت اسلامی کے اس کردار جہد مسلسل اور پیش رفت کے پیچھے قدم قدم پر اللہ کی نصرت اور مسلمانوں کا تعاون کارفرما ہے ۔
خلق خدا کی خدمت کا محاذ جماعت اسلامی کی او ل روز سے شناخت ہے ۔حلقہ مہاراشٹر کی تمام ۲۰۰ یونٹوں میں معمول کی سرگرمیوں کے ساتھ ۱۱۲ تعلیمی ادارے ،۲۲ فلاحی ڈسپنسریاں ،۱۲ بلا سودی سوسائٹیاں اور ہنگامی حالات کے لئے خصوصی تربیت یافتہ نوجوانوں پر مشتمل آئڈیل ریلیف ونگ جیسے ادارہ جاتی مستقل کام انجام پاتے ہیں ۔گذشتہ مالی سال میں پوری ریاست میں ۳۸ کروڑ ۳۱ لاکھ بلاسودی قرض دیئے گئے ۔ممبئی ، پونے ، ناگپور اور اورنگ آباد ان چار شہروں میں میڈیکل گائڈنس کی ہمہ وقتی خدمات جاری ہیں ۔کولہا پور کے سیلاب سے متاثرین میں دو ماہ تک مسلسل راحت رسانی کے کاموں میں ۲۳ لاکھ ۵۰ ہزار روپئے کی رقم خرچ کی گئی ۔جس میں درجنوں گھروں کی مرمت بھی شامل ہے ساتھ ۳۸ خاندانوں کے لئے گھروں کی تعمیر پر ایک کروڑ ۲۳ لاکھ ساٹھ ہزار روپئے صرف کئے جارہے ہیں ۔
دہلی فسادات کے بعد ریلیف و باز آبادکاری کیلئے ایک کروڑ ۱۰ لاکھ روپئے روانہ کئے گئے ۔کورونا وبا کے سبب لاک ڈائون کے سبب غربا و مساکین کے کھانے اور علاج معالجہ کیلئے ۴کروڑ ۴۳ لاکھ ۵۶ ہزار سے زائد رقم خرچ کی گئی ۔
جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر کا ایک اہم محاذ ملت کو درپیش چیلنجز میں قوت ایمانی اور مناسب تیاری کے ساتھ کھڑا کرنا ہے ۔ ملت کے تمام بازوئوں کو بروئے کار لانا اور اتحاد ملی کے ساتھ ملک کے مسائل میں انصاف پسند نفوس کو ساتھ کے کر بہتر انسانی معاشرے کی تعمیر ایک مستقل کام ہے ۔سی اے اے کیخلاف پورے ملک میں ملی تنظیموں کے درمیان ربط و اتحاد اور سماج کے انصاف پسندوں کے الائنس کی تشکیل میں جماعت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔حلقہ مہاراشٹر میں مختلف سماجی طبقات کے ساتھ ربط و تعاون سدبھاونا منچ کا کام بڑا خوش آئند ہے ۔