گھروں میں ہی زیادہ سے زیادہ ماہ مبارک میں عبادت کا اہتمام کریں اور وقت کا صحیح استعمال یقینی بنائیں

گھروں میں ہی زیادہ سے زیادہ ماہ مبارک میں عبادت کا اہتمام کریں اور وقت کا صحیح استعمال یقینی بنائیں :

ڈاکٹر محمد منظور عالم
نئی دہلی
رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہم پر سایہ فگن ہونے والاہے ۔ اس ماہ مبار ک میں اللہ تعالی نے ہم پر روزہ فرض کیاہے اور اس کی راتوں میں ہم پر تراویح پڑھنا سنت ہے ۔ یہ خیر وبرکت ولا مہینہ ہے لہذاہم اس ماہ مبارک میں اپنے وقت کا صحیح اور مثبت استعمال کریں اور اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنر ل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کے ساتھ ہماری ملک بھی کروناوائرس کا شکار ہے اور بحران سے دوچار ہے ا س لئے ہم حکومت اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ہدایات کابھی التزام کریںگے ۔ سال رواں اجتماع کے ساتھ تروایح کی نماز نہ پڑھیں ۔ مسجدوں میں دو تین لوگ ایک حافظ کے ساتھ نماز تراویح ادا کریں ۔ بقیہ لوگ تنہا نماز تروایح ادا کرلیں یا فیملی ممبرس کے ساتھ پڑھیں ۔ گھر میں اگر کوئی حافظ قرآن ہے تو اسی کے ساتھ پڑھیں ۔ماہ مبارک میں قرآن کریم کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کریں اور اسی کے ساتھ اس کی تفسیر اور مفہوم سمجھنے کی بھی کوشش کریں ۔ قرآن کریم نسخہ ہدایت اور سب سے عظیم کتاب ہے وہ انسانیت کا لائحہ اور عظیم دستور ہے اس لئے اس کی تلاوت کے ساتھ اس کا سمجھنا بھی ہمارے لئے ضرروی ہے ۔ آج کل انٹرنیت پر کافی مواد دستیا ب ہے ۔ بہت سارے ایپس موجود ہیں جس کی مدد سے بھی ہم قرآن کریم کی معمولی تفسیر جاننے کی کوشش کرسکتے ہیں جو ہمارے لئے یقینی طور پر سود مند اور مفید ثابت ہوگا ۔اس دوران اس بات پر خصوصی توجہ دیں کہ قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں ہم موجودہ مسائل کا حل کیسے نکالیں ۔ انسانی بحران سے کیسے نکلیں ۔ تاریکی اور ظلمت کے عہد کو کس طرح قرآن کریم کے ذریعہ ہم روشن کرسکتے ہیں اور کیسے انسانیت کے کام آسکتے ہیں ۔
اس کے علاوہ ماہ مبارک میں بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں ،انہیں فکری سطح پر مضبوط کریں ، ان کے افکار واذہان کو اسلامی اقدارکا حامل بنائیں ۔سیرت رسول ، اسلامی تاریخ اور دیگر موضوعات پر انہیں مطالعہ کرنے کی ترغیب دیں ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مزید کہاکہ ماہ مبارک میں عبادت کے اہتمام کے ساتھ خصوصی دعاءکریں ۔ اللہ تعالی سے یہ مانگیں کہ وہ اس دنیا کی حفاظت فرمائے ۔ کرونا وائرس سے محفوظ رکھے اور انسانوں کے گناہوں کو معاف فرمادے ۔