پنجاب کے مفتی اعظم، مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی
کی رحلت پر آل انڈیا ملی کونسل کی تعزیت
نئی دہلی، 5 دسمبر 2019: مفتی اعظم پنجاب، مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی نے پنجاب جامعہ دارالسلام نام کا ایک ایسا چراغ روشن کیا، جس کی روشنی پنجاب کے ساتھ دوسری ریاستوں کو بھی منور کر رہی ہے۔ ان کے اس ادارے میں دوسری ریاستوں سے بھی طلبہ علم حاصل کرنے آتے ہیں اور علم کی روشنی پاکر دور دراز علاقوں کی ظلمتوں کو ختم کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ مفتی صاحب کا آل انڈیا ملی کونسل سے دلی لگاو¿ تھا، اور وہ اس کے ابتدائی ارکان میں سے تھے۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے جاری کردہ پریس بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ مفتی صاحب بڑی علمی لیاقت کے مالک تھے، انھوں نے ایک رسالہ بھی جاری کیا تھا اور وراثت پر ایک مکمل کتاب بھی لکھی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے بعض اہم موضوعات پر مضامین بھی لکھے جو پڑھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
حضرت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی صاحب، صدر آل انڈیا ملی کونسل نے مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی کے انتقال پُر ملال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی صاحب نیک دل اور سادہ طبیعت کے مالک تھے۔ انھوں نے بہت سی مساجد کی بنیاد ڈالی اور دینی خدمات کی وجہ سے ملک اور بیرون ملک کا طویل سفر بھی کیا۔ مفتی صاحب کے نزدیک آل انڈیا ملی کونسل کی بڑی اہمیت تھی اور وہ ”پنجاب ملی کونسل“ کے روح رواں تھے۔ ان کے اس طرح چلے جانے سے مجھے دلی صدمہ ہوا ہے۔ اللہ انھیں غریق رحمت کرے۔ آمین!