جنسی زیادتی کی روک تھام کیلئے فحش فلمیں اور شراب پر مکمل پابندی بھی ضروری‘
خواتین کیخلاف جنسی تشدد کے بڑھتے واقعات پر جماعت اسلامی شعبہ خواتین کا ممبئی اور مضافات میں احتجاج ، سخت سزائوں اور سریع الحرکت عدالتی کارروائی کا مطالبہ
ممبئی : جماعت اسلامی ممبئی میٹرو کے شعبہ خواتین نے مختلف سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر آج ممبئی کے مختلف علاقوں میں حیدر آباد کی خاتون ڈاکٹر کی اجتماعی جنسی تشدد اور انتہائی درندگی کے ساتھ زندہ جلادینے کے واقعہ کیخلاف احتجاج کیا جماعت اسلامی کی خواتین کے ساتھ سماجی تنظیموں مہیلا جاگرُت سیگا سینڈی ، بھرشٹاچار ورودھی مورچہ ، پٹھان واڑی ینگ بریگیڈ ، مرسی ایجوکیشنل فائونڈیشن ، نئی سوچ نیک ارادے فائونڈیشن اور نئی روشنی فائونڈیشن نے احتجاج میں حصہ لیا ۔
خواتین نے ممبئی مضافات کے اندھیری ، ملاڈ ، باندرہ اور میرا روڈ میں ریولرے اسٹیشن کے باہر مختلف نعروں اور مطالبات پر مبنی بینر کے ساتھ احتجاج کیا ۔ جماعت اسلامی ممبئی میٹرو کی خواتین نے جنسی تشدد کی روک تھام کیلئے سخت سزائوں اور سریع الحرکت عدالتی کارروائی کے ساتھ ہی فحش فلموں اور شراب پر پابندی کا بھی مطالبہ کیا ۔ بینر پر شراب اور فحش فلموں پر پابندی کے مطالبوں کے ساتھ ہی ہر ہندوستانی کیلئے قابل غور ایک نعرہ ’اپنا ملک اور اپنے لوگوں کے درمیاں ہم محفوظ نہیں‘ لکھا تھا ۔




