علمی حلقوں میں غم کی لہر، شیخ الحدیث وصدر المدرسین بزرگ عالم دین مولانا قاری عاشق الٰہی کا اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال ، آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی کا تعزیتی پیغام
سہارنپور آمنا سامنا میڈیا (اسٹاف رپورٹر)
آج جیسے ہی یہ اطلاع ملی کہ شمالی ہند کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپو رہ کے شیخ الحدیث وصدر المدرسین بزرگ عالم دین مولانا قاری عاشق الٰہی کا اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال ہوگیا ہے انا للہ و انا الیہ راجعون انکے انتقال سے علمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور خصوصاً سہارنپور کے مدارس و مساجد اور گلی کوچوں میں خاموشی چھا گئی۔
آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ میرے پیارے دوست مولانا عاشق الٰہی جو بہت ہی سادہ مزاج اور علم و عمل کے پہاڑ تھے انکا انتقال علمی دنیا کا عظیم خسارہ ہے جسکی بھر پائی حال میں نا ممکن نظر آتی ہے،مجھے انکے جانے سے قلبی رنج ہوا ہے باری تعالی انکی قبر کو نور سے منور فرمائے اور ہمیں انکا نعم البدل عطا فرمائے۔
اسی غم میں شریک جامعہ رحمت گھگرولی میں تعزیتی میٹنگ ہوئی اور سب سے پہلے مولانا مرحوم کیلئے ایصال ثواب اور دعاء مغفرت کی گئی جامعہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبد المالک مغیثی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا ہمارے بہت ہی قریبی اوربزرگ تھے مولانا کی ذات بہت سی خوبیوں سے متصف تھی اور وہ اپنے آپ میں ایک انجمن تھے وہ جید عالم دین ہونے کے ساتھ ایک اچھے منتظم بھی تھے یقینا یہ ساری خوبیاں خدا تعالی نے ان میں انکی صفت خلوص اور آہِ سحر گاہی کی بدولت انمیں ودیعت فرمائیں تھی،مولانا مرحوم بلا شبہ ہمہ جہت شخصیت کے حامل تھے انہوں نے اپنی ساری زندگی علم دین اور ملی خدمات میں گزاری انکے کارنامے قابل قدر اور قابل تحسین ہیں یقیناجامعہ اسلامیہ اورضلع سہارنپورایک بہترین مربی و بلند پایہ محدث سے محروم ہوگیا ہے اورا نکی وفات سے امت مسلمہ ایک قد آور عالم دین، محدث جلیل،عالی دماغ مفکر اور خدا کا خوف رکھنے والے سے محروم ہو گئی ہے۔
مولانا مغیثی ضلع صدر ملی کونسل نے کہا کہ سر زمین ہند،علم وعمل اور اعلیٰ اخلاق کے حامل شخصیات سے دن بدن خالی ہوتی جا رہی ہے جوہمارے لئے افسوس اور دلی تکلیف کا باعث ہے،اللہ تعالی ٰمرحوم کوآخرت کی تمام عزت و عظمت سے سرفرازکرے اور اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فر مائے، انکے غم میں ادارہ جامعہ رحمت اور آل انڈیا ملی کونسل یونٹ سہارنپورانکے پسماندگان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔