مہاراشٹر کے بعد اب گوا حکومت پر خطرہ! سنجے راؤت نے کہا- ’ملک بھر میں چمتکار ہوگا‘ سنجے راوت ’’کانگریس سمیت کئی جماعتوں کے ساتھ مل کر ریاست میں ہم ایک مختلف محاذ بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ گوا میں جلد ہی کوئی ’کرشمہ‘ ہو سکتا ہے‘‘۔

شیوسینا کے رہنما سنجے راوت نے جمعہ کو کہا کہ مہاراشٹر کے بعد گوا میں بھی کوئی ’کرشمہ‘ ہو سکتا ہے اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کو جلد ہی بھونچال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، راوت نے صحافیوں کو بتایا، ’’گوا فارورڈ پارٹی کے سربراہ وجے سردیسائی سمیت تقریباً چار رکن اسمبلی شیوسینا کے رابطے میں ہیں‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’کانگریس سمیت کئی جماعتوں کے ساتھ مل کر ریاست میں ہم ایک مختلف محاذ بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ گوا میں جلد ہی کوئی ’کرشمہ‘ ہو سکتا ہے۔‘‘ شیوسینا کے رہنما کا یہ بیان شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے ٹھیک ایک دن بعد آیا ہے۔ سنجے راوت نے آگے کہا، ’یہ کرشمہ ابھی ملک بھر میں نظر آئے گا، مہاراشٹر کے بعد اب گوا کی باری ہے، اس کے بعد ہم دوسری ریاستوں میں جائیں گے۔ ہم ملک میں غیر بی جے پی سیاسی محاذ بنانا چاہتے ہیں‘۔