۲, اکتوبر عالم اسلام کافتحیاب دن

‍۲, اکتوبر عالم اسلام کا فتحیاب دن

مسلمانوں کے انحراف پر احساسِ درد و زیاں:

آج ہی کے دن ۲ اکتوبر سن 1187 کو اسلامی دنیا کے عظیم جرنیل، بے نظیر حکمران اور خداترس بادشاہ، سلطانِ عالی مقام ” صلاح الدین ایوبی ؒ ” کی سپہ سالاری میں مسجد اقصیٰ اور شہر قدس کو صلیبی چنگل سے رہائی ملی تھی
جولائی 1187 میں متحدہ صلیبی محاذ کو جنگ حطین میں دھول چٹانے کے بعد اسلامی افواج کے حوصلے مزید بلند اور ایمانی طاقت چوگنی ہوگئیں، حطین کو سرخرو کرکے ایوبی کے جانباز مجاہدین نے، یافہ، سیدون، نابلوس اور بیروت جیسے مقبوضہ صلیبی شہروں کو فتح کرتے ہوئے مجاہدین کے اس ظفر یاب طوفان نے ۲۰ ستمبر سے فلسطین کی صلیبی چیرہ دستیوں کو گھیر لیا، سلطان صلاح الدین ایوبی ؒ کی افواج نے ” برج داؤد ” اور ” باب دمشق ” کی طرف پیشقدمی شروع کی، تیر اندازوں نے ” رَن” گرمایا، منجنیقوں نے بگل بجایا، شہری فصیل کے ایک حصے کو کمزور کردینے کے بعد مجاہدین نے ” جبل زیتون ” سے یلغار کی اور ۲۹ ستمبر کو آہنی ایمانی مجاہدوں نے شہر کی پہلی فصل کو لخت لخت کردیا
بالآخر ستمبر کے اواخر میں مسیحی دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال دیے، ۲ اکتوبر کو شکست خورده صلیبی قابضوں نے سلطان المسلمین سیدنا صلاح الدین ایوبی ؒ کی ہمت عالیہ میں فلسطین کی چابیاں پیش کیں، اس تاریخی فتح کے موقع پر مجاہدین کے لشکر نے اپنے اخلاق و کردار سے عظمت کی تاریخ رقم کی، کسی ایک صلیبی کو بھی نقصان نہیں پہنچایا گیا اور اسلامی افواج کی بے نظیر انسانیت نوازی اور عدل پروری کی چھاؤں میں یہ مقبوضہ غاصبوں کا ٹولہ رسوائیوں کے جلو میں قلعے سے نامراد نکالا گیا_

جب یہ غاصب مسیحی قوم شہر قدس سے نکالی گئی تو ان کے چہروں پر پھٹکار برس رہی تھی اور وہ کَٹی کَٹی آنکھوں سے اپنی بے عزتی کا اعلان کر رہےتھے، اسلامی افواج کے رحم و کرم پر بخش دیے گئے ان لوگوں کو انہی کی قوم نے آگے بے یارومددگار کردیا_

سلطان ایوبی ؒ نے بیت المقدس / یروشلم / فلسطین کو صلیبی چیرہ دستیوں سے ایسے آزاد کرایا کہ وہ ایک طویل عرصے تک اسلامی جھولی میں رہا تھا، سینکڑوں سال شہر قدس اسلامی چھاؤں میں مسکراتا رہا لیکن شومئی قسمت بلکہ مسلم دنیا کی ناکامی رہی کہ 1917 میں پہلی جنگ عظیم کے دوران انگریزوں نے بیت المقدس پر پہلا شب خون مارا پھر یہودونصاریٰ کی بدترین سازش کے چلتے ہوئے 1947 میں اقوام متحده (جوکہ دجالی دستے کا ایک مہرہ ہے) اس کی جنرل اسمبلی نے نہایت عیاری کے ساتھ فلسطین کو یہودیوں میں بھی تقسیم کردیا، اور بالآخر جون 1967 میں یہودیوں نے فلسطین کی زمین پر ناجائز اسرائیلی ریاست کا قبضہ کروادیا، خلافت عثمانیہ کے سقوط کے بعد یہ عالم اسلام کے مکمل سقوط کا اعلان تھا_
آج ۲ اکتوبر ہے، آج مسلمانوں کی عظیم فتح اور بیت المقدس پر حق ادا کردینے کا دن ہے، آج اسلامی دنیا کے محسن سلطان ایوبی اور اسلامی کاز کی بنیاد مسجد اقصیٰ کا دن ہے، آج کا دن مؤمنین کے لیے رب العالمین کی بارگاہ میں اپنے عہد و پیمان کی یاد دلاتا ہے، مگر شدید افسوس ہے کہ پوری دنیا کا عالم اسلام اب منحرف ہورہاہے ان کے ازدلی دشمن یہود ” خیبر ” کی شکست کے دن کو بھی نہیں بھولے لیکن فاتح قوم اپنی عظیم فتوحات سے منہ چرا کر مشرکوں کا دن مناتی ہے اور انہیں یاد کرتی ہے، ظاہر یہ رویہ جب اسلامی اداروں میں پروان چڑھنے لگے اور سربراہ شرک موہن داس کرم چند گاندھی اور یوم القدس کے ایک ہی دن پر دارالعلوم ندوۃ العلماء سمیت دیگر علماء کی تحریروں و تقریروں میں گاندھی کو یاد کرنے کے لیے طلباء کو تلقین کی جائے تو پھر یہ سمجھنے میں کوئی باک نہیں کہ اسلامی نام کے یہ ادارے کیسے غیر اسلامی ہوچکےہیں اور ان سے نکلنے والے اسلامی کاز پر کس قدر غیّور ہوں گے_
آج کا دن احساس زیاں کا ہے، اپنی قوم کے مجموعی انحراف پر فکر و کڑھن اور اضطراب کا دن ہے، اللّٰہ کی بارگاہ میں ہماری یہی آرزو ہےکہ:

عطا اسلاف کا جذب دروں کر
شريک زمرۂ لا يحزنوں ، کر

خرد کی گتھياں سلجھا چکا ميں
مرے مولا مجھے صاحب جنوں کر

سمیع اللّٰہ خان
۲ اکتوبر، بروز بدھ، ۲۰۱۹
ksamikhann@gmail.com