اجمیر شریف میں جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام میڈیکل کیمپ کا انعقاد
نئی دہلی۔7 ستمبر2019 سلطان الہندحضرت شاہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کے عرس کے مو قع پر جمعیۃ علماء ہند کے ز یر اہتمام اجمیر شریف میں میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔یہ کیمپ اجلاس عام منعقدہ نومبر 2016 کے بعد مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ لماء ہند کے منشا پر شروع کیا گیا تاکہ ملت اسلامیہ کے مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جائے۔
اس مرتبہ کیمپ کائیڈ وشرام استھلی میں یکم محرم الحرام سے شروع ہوکر 7محرم الحرام بروزہفتہ10 بجے صبح تک جاری رہا۔کیمپ میں ماہر معالجین اور ڈاکٹروں نے 2743مریضوں کو جانچ کرکے مفت ادویات مہیا کیں۔کیمپ کے لیے جمعیۃ علماء کی جانب سے چار ایمبولینس بھی لگائی گئی تھیں، جس میں دو ایمبولینس کائیڈ وشرام استھلی میں اور دو ایمبولینس سرکاری اسپتال اجمیر شریف میں لگائی گئیں۔میڈیکل کیمپ میں روزانہ ایک مستند ڈاکٹر اور ایک کمپاؤنڈر دن کے وقت اور ایک ڈاکٹر وکمپاؤنڈر رات کے وقت لگار تار اپنی خدمات دیتے رہے۔اس کیمپ کی مکمل نگرانی مولانا شبیر قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء راجستھان اور مولانا مناظر الاسلام نے کی۔ اس کی افتتاحی تقریب میں مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علمائے ہند، قاری محمد امین صدر جمعیۃ علمائے راجستھان، مولانا شبیر احمد صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء راجستھان اور دیگر ذمہ داران و مؤقر شخصیات شریک تھیں۔اس مو قع پر درگا ہ شریف سے وابستہ کئی اہم شخصیات موقع بموقع آتے رہے اور اپنی طرف سے کلمات تحسین پیش کیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔