مالیگاؤں جمعیۃعلماء نے سیلاب متاثرین میں دو ٹرک ریلیف کے سامان تقسیم کئےممبئی

28/ اگست  جمعیۃعلماء مالیگاؤں مدنی روڈ کے زیر انتظام دو ٹرک ریلیف کے سامان مہاراشٹر کے مغربی اضلاع خصوصاً کولہا پور،سانگلی،ستارا و اطراف کے متاثرہ علاقوں کے لئے دفتر جمعیۃ علماء مالیگاؤں سے دس رکنی وفد کے ساتھ عبد المالک بکرا سیٹھ جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں کی قیادت اور مولانا امتیاز اقبال،حافظ مختار جمالی کی دعاؤں کے ساتھ روانہ کیا گیا۔ حاجی محمدمکی سیٹھ نائب صدر جمعیۃ علماء شہر مالیگاؤں نے ریلیف کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے شہر مالیگاؤں سے عبوری امداد کے لئے فی الحال 300عدد برقع،300عدد رنگین ساڑی،1000عدد بستر،چٹائی اور کمبل،عدد لنگی نیز مرد و خواتین کے 800عدد نئے کپڑے اورایک ہزار کلو گرام اناج روانہ کئے ہیں۔جو منگل کی صبح متاثرہ مقام پر پہونچ کر تقسیم کیا گیا۔ مکی سیٹھ نے اخبار ی پریس ریلیز میں یہ بھی کہا کہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی ہنگامی میٹنگ میں تمام ذمہ داران کے سامنے متاثرہ مقامات کی تازہ ترین صورت حال سامنے آنے کے بعد ریاستی ذمہ داروں نے متاثرین کی باز آباد کاری کا عزم کیا ہے۔جس کے لئے خطیر رقم درکارہے۔ریاستی ذمہ داروں کی درخواست پر جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں مدنی روڈ نے بھی حسب روایت متاثرین کی باز آباد کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا عزم کیا ہے۔    عبد المالک بکرا سیٹھ جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں مدنی روڈ نے اصحاب خیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دل کھول کرتعاون کریں۔ چیک، ڈرافٹ اورنقد رقم جمعیۃعلماء مالیگاؤں کے دفتر واقع مدنی روڈ،مالیگاؤں میں جمع کرائیں۔ اس وفد میں عبد المالک بکرا سیٹھ،فقیر محمد،عزیز پہلوان،اسماعیل پہلوان،اخلاق احمد،محمد اسماعیل،شکیل احمد وغیرہ شامل ہیں۔