دار العلوم سبیل الرشاد بینگلور کے مہتمم و شیخ الحدیث نوجوان عالم دین مفتی معاذ احمد رشادی باقوی کا اچانک انتقال , اپنے آپ میں ایک انجمن تھے وہ جید عالم دین ہونے کے ساتھ ایک اچھے منتظم بھی تھے : مہتمم مولانا ڈاکٹر عبد المالک مغیثی
سہارنپور (اسٹاف رپورٹر)
آج جیسے ہی یہ اطلاع ملی کہ جنوب ہند کی عظیم دینی درسگاہ دار العلوم سبیل الرشاد بینگلور کے مہتمم و شیخ الحدیث نوجوان عالم دین مفتی معاذ احمد رشادی باقوی کا اچانک انتقال ہوگیا ہے انا للہ و انا الیہ راجعون انکے انتقال علمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور شہر گلستاں کی گلی کوچوں میں خاموشی چھا گئی۔
اسی غم میں شریک جامعہ رحمت گھگرولی میں تعزیتی میٹنگ ہوئی اور سب سے پہلے مولانا مرحوم کیلئے ایصال ثواب اور دعاء مغفرت کی گئی جامعہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبد المالک مغیثی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مفتی احمد معاذ ہمارے بہت پیارے دوست اور جید عالم دین اور بڑے حضرت حکیم الملت مفتی اشرف علی باقوی ؒامیر شریعت کرناٹک کے ہونہارفرزند ارجمند تھے جو امیر شریعت کے انتقال کے بعد متفقہ طور پر دو سال قبل جامعہ سبیل الرشاد بینگلور کے شیخ الحدیث ومہتمم منتخب ہوئے تھے مولانا کی ذات بہت سی خوبیوں سے متصف تھی اور وہ اپنے آپ میں ایک انجمن تھے وہ جید عالم دین ہونے کے ساتھ ایک اچھے منتظم بھی تھے یقینا یہ ساری خوبیاں انہیں اپنے دادا شاہ ابو السعود اوراپنے والد امیر شریعت مفتی اشرف علی باقوی سے وراثت میں ملی تھیں مولانا مرحوم بلا شبہ ہمہ جہت شخصیت کے حامل تھے انہوں نے اپنی مختصر سی زندگی علم دین اور ملی خدمات میں گزاری انکے کارنامے قابل قدر اور قابل تحسین ہیں دوسال قبل امیر شریعت کے انتقال سے جو خلا ہوا تھا اور شہر گلستاں ایک بہترین مربی و بلند پایہ محدث سے محروم ہوگیا تھا اور ابھی ہم اس غم کوبھلا بھی نہیں پائے تھے کہ اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انکے خلے کو پر کرنے والے اور کسی حد تک انکی یادوں کے جھروکوں کو کم کرنے والے انکے ہزاروں شاگردوں کی امیدجانشین حکیم الملت مفتی احمد معاذ بھی ہم سب کو داغ مفارقت دے گئے انکی وفات سے امت مسلمہ ایک قد آور عالم دین، محدث جلیل،عالی دماغ مفکر اور خدا کا خوف رکھنے والے سے محروم ہو گئی۔
مولانا مغیثی ضلع صدر ملی کونسل نے کہا کہ سر زمین ہند،علم وعمل اور اعلیٰ اخلاق کے حامل شخصیات سے دن بدن خالی ہوتی جا رہی ہے جوہمارے لئے افسوس اور دلی تکلیف کا باعث ہے،اللہ تعالی ٰمرحوم کوآخرت کی تمام عزت و عظمت سے سرفرازفرمائے اور اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فر مائے، انکے غم میں ادارہ جامعہ رحمت اور آل انڈیا ملی کونسل ضلع و شہر سہارنپور یونٹ انکے پسماندگان کے ساتھ برابر کے
شریک ہیں۔