جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا وفد ریلیف کی پہلی قسط لے کر متاثرہ علاقوں میں پہونچا کولہا پور اور سانگلی کے متاثرہ علاقوں میں سروے جاری،حسب ضرورت ریلیف اور باز آبادکاری کا کام جاری رہے گا: جمعیۃعلماء
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا وفد ریلیف کی پہلی قسط لے کر متاثرہ علاقوں میں پہونچا
کولہا پور اور سانگلی کے متاثرہ علاقوں میں سروے جاری،حسب ضرورت ریلیف اور باز آبادکاری کا کام جاری رہے گا: جمعیۃعلماء
ممبئی ۷۱/ اگست
ریاست مہاراشٹر کے مغربی اضلاع میں سیلاب کی تباہ کاری حد درجہ تشویش ناک ہے، متعدد جانیں تلف ہوچکی ہیں،لاکھوں افراد بے گھر ہو کر کھانے،پینے کے محتاج ہو چکے ہیں،سیلاب متاثرہ علاقہ میں ریلیف و راحت رسانی کے کاموں میں تیزی لانے اور ضرورت مندوں کو ان کی ضرورت کے مطابق اشیاء خورد و نوش اور ضروریات زندگی کے سامان کی تقسیم کا کام انجام دینے کیلئے کل بر وز جمعہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کا ایک وفد مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی قیادت میں روانہ ہوا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی ایماء پرسانگلی،کولہا پور اور اس کے اطراف کے متاثرہ علاقوں میں ضلعی و مقامی جمعیۃعلماء کے ذمہ داروں کی رہنمائی میں ریاستی وفدنقصانات کا سروے اور وہاں کے حالات کا جائزہ لے کرجمعیۃعلماء مہاراشٹر کے ذمہ داروں کو سروے رپورٹ پیش کرے گا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ روز اول سے مقامی جمعیۃعلماء کے کارکنان ریاستی ذمہ داروں کی ہدایت پر متاثرین کی راحت رسانی اور ریلیف میں لگے ہوئے ہیں۔کل بروز جمعہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کا ایک وفدمتاثرہ علاقوں میں ریلیف کی پہلی قسط کے ساتھ روانہ ہوا،ہم ریاستی وفد کی سروے رپورٹ آنے کے بعد حسب ضرورت متاثرین کے لئے مستقبل میں بھی پوری منصوبہ بندی کے ساتھ جمعیۃعلماء کی روایت کے مطابق وہاں کے خانماں برباد لوگوں کی ریلیف اور باز آباد کاری کا عمل جاری رکھیں گے۔
ریاستی وفد میں مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر،حافظ محمد عارف انصاری جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے،مولانا عبد الوہاب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ممبرا،قاری محمدادریس انصاری صدر جمعیۃعلماء شہر پونے،حاجی گلزار احمد صدر جمعیۃ علماء پمپری چنچوڑ شامل ہیں۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ اپیل کی ہے کہ مغربی مہاراشٹر کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے سبھی لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،نیز جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی تمام ذیلی یونٹوں،ائمہ مساجد،اور مخیر حضرات سے درخواست کی ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں رقم اکٹھا کرکے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے دفتر امام باڑہ کمپاؤنڈ،امام باڑہ روڈ،ممبئی ۹ میں جمع کرائیں۔