یو این سلامتی کونسل کا اجلاس ختم، پاکستان کو چین اور ہندوستان کو روس کی حمایت اقوام متحدہ سلامی کونسل (یو این ایس سی) میں چین کی مانگ پر جموں و کشمیر کے مسئلہ پر منعقدہ اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ سلامتی کونسل میں کشمیر پر روس ہندوستان جبکہ چین پاکستان کے حق میں کھڑا نظر آیا۔

اجلاس کے ختم ہونے کے بعد چینی سفیر نے کہا کہ ہندوستان نے جو آئینی ترمیم کی ہے اس سے موجودہ صورت حال تبدیل ہو گئی ہے۔ چین نے کہا کہ کشمیر میں حالات تشویش ناک ہیں اور کوئی بھی فریق یکطرفہ طور پر کارروائی نہ کرے، ایسی کارروائی جائز نہیں ہوگی۔

وہیں اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب سید اکبر الدین نے کہا کہ آرٹیکل 370 ہندوستان کا اندورنی معاملہ ہے۔ اس میں بیرونی لوگوں کی ضرورت نہیں ہے۔ جموں و کشمیر کی سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ہندوستان نے یہ فیصلہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت رفتہ رفتہ کشمیر سے پابندیاں اٹھا رہی ہے۔ پاکستان کا نام نہ لیتے ہوئے اکبر الدین نے کہا کہ ایک ملک جہاد اور تشدد کی بات کر رہا ہے جبکہ ہم اپنی پالیسی پر ہمیشہ کی طرح قائم ہے۔ تشدد کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔