زہریلا چارہ کھانے سے سو گائیوں کی موت، پولس نے بتایا کہ 98 گائیوں کی موت چارہ دینے کے چند گھنٹوں کے بعد ہو گئی اور بقیہ تین گائیں زندگی اور موت کے درمیان جد و جہد کر رہی ہیں۔گئوشالا انتظامیہ کے درمیان اختلافات کو اس واقعہ کی وجہ مانا جا رہا ہے،
وجے واڑا: آندھرا پردیش کے وجے واڑا کے مضامات میں واقع ایک گئوشالا میں زہریلا چارہ کھانے کی وجہ سے 100 گائیوں کی موت ہو گئی ہے۔ پولس نے ہفتہ کے روز بتایا کہ غیر سرکاری تنظیم کوترو تدیپلی کی طرف سے چلائی جا رہی ایک گئوشالا میں گائیوں کو چارہ دینے کے بعد یہ واقعہ جمعہ کی دیر رات گئے پیش آیا۔
پولس نے بتایا کہ 98 گائیوں کی موت چارہ دینے کے چند گھنٹوں کے بعد ہو گئی اور بقیہ تین گائیں زندگی اور موت کے درمیان جد و جہد کر رہی ہیں۔
وشالا کمیٹی کے ایک رکن نے کہا کہ گائیوں کو چارہ کھلانے کے کچھ گھنٹوں کے بعد ان کی حالت بگڑنے لگی۔ افسران اس موت پر چارے میں زہر ہونے کا امکان ظاہر کر رہے ہیں۔ گائیوں کی لاشوں کے ڈاکٹری معائنہ کے لئے پولس نے مویشی ڈاکٹروں کو بلایا ہے۔
گئوشالا انتظامیہ کے درمیان اختلافات کو اس واقعہ کی وجہ مانا جا رہا ہے، کیونکہ ایک گروپ نے اس خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ چارے میں زہر تھا۔
دریں اثنا، کرشنا ضلع کے کلکٹر محمد امتیاز نے گئوشالا کا دورہ کیا۔ انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں گائیوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس گئوشالا میں ایک ہزار گائیں موجود تھیں، جن میں سے زیادہ تر کو ذبح خانہ سے بچا کر لایا گیا تھا اور کچھ گائیوں کو خیرات میں دیا گیا تھا۔
پولس نے کہا کہ وہ ان ملازمین سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں، جنہوں نے گائیوں کو چارہ کھلایا تھا اور اس کے ساتھ ہی یہ پتہ لگانے کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالا جا رہا ہے کہ واقعہ سے پہلے باہر کا کوئی شخص گئوشالا میں آیا تھا یا نہیں۔
دو سال پہلے وجے واڑا کے کنک درگا مندر کے پاس واقع اس کمیٹی کی طرف سے چلائی جا رہی ایک گئوشالا میں 24 گائیوں کی موت ہو گئی تھی۔ گائیوں کو گیہوں کا باسی آٹا کھلایا گیا تھا، جس کے سبب وہ بیمار پڑ گئیں اور آخر میں ان کی موت ہو گئی۔ اس وقعہ کے بعد کمیٹی نے گئوشالا کو شہر کے باہری علاقہ میں منتقل کر دیا۔