نئی دہلی 14/جولائی
آج یہاں مدنی ہال صدر دفتر جمعیۃ علماء ہند دہلی میں مغربی یوپی،ہریانہ،پنجاب، اتراکھنڈاور دہلی کے ذمہ داروں کی ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ملک کے موجودہ حالات میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ختم کرنے پر زور ڈالتے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے بتایا کہ آئندہ ماہ اگست میں جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام ”امن وایکتا کانفرنس“ منعقدکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں سبھی مذاہب کی اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ مولانا مدنی نے کہا کہ آج کے دور میں جب کہ مختلف فرقوں کے درمیان دوری پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ملک کی اکثریت تک اسلام کے پیغام امن کو پہنچائیں اور ان کے ذہنوں میں پیدا کردہ غلط فہمیوں کا ازالہ کریں اور بحیثیت مسلمان اپنی امیج اس طرح پیش کریں کہ ہم دنیا کے لوگوں کے لیے نفع بخش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک مسلمان کا نصب العین دوسروں کو نیکی کی طرف بلانا ہے نہ کہ کسی طبقے پر برتری حاصل کرنا جو کہ صرف حسن اخلاق اور حکمت سے ہی ممکن ہے۔
مولانا مدنی نے جماعت کے ذمہ داروں سے کہا کہ آج کے حالات میں اس بات کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ جمعیۃ علماء ہند،فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے حسب روایت سرگرم کردار ادا کرے، اسی بنیاد پر سمیلن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ہم آپ سے عرض کرتے ہیں کہ امن و ایکتا سمیلن کی اہمیت کے پیش نظر پوری تیار ی کے ساتھ کام شروع کردیں اور گاؤں گاؤ ں جا کر لوگوں تک پیغام پہنچائیں۔ مولانا مدنی کی اپیل پر ذمہ داروں نے اجلاس کے انعقاد کی تائید کی اور سبھوں نے اپنی طرف سے اجلاس کے لیے ہر طرح کے تعاون کا وعدہ کیا۔
آج کے مشاورتی میٹنگ میں مولانا مدنی کے علاوہ مولانا قاری شوکت علی ویٹ، مولانا محمد عاقل گڑھی دولت صدر جمعیۃ علماء مغربی یوپی،مولانا یحی کریمی صدر جمعیۃ علماء ہریانہ، پنجاب و ہماچل پردیش اور ناظم اعلی مولانا علی حسن مظاہری، مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علما ہند،مولانا معزالدین احمد ناظم امارت شرعیہ ہند، مولانا محمد عارف قاسمی صدر جمعیۃ علماء اتراکھنڈ،مولانا عرفان قاسمی اور مولانا یامین قاسمی مبلغ دارالعلوم دیوبند، مولانا محمد عابد قاسمی دہلی صدر جمعیۃ علماء دہلی،مولانا جاوید صدیقی قاسمی دہلی، مولانا داؤد امینی نائب صدر جمعیۃ علماء صوبہ دہلی،مولانا قاری یامین جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مغربی یوپی، مولانا جلیس قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء اتراکھنڈ سمیت بڑی تعداد میں ضلعی صدور و نظماء و دیگر ذمہ داران شریک تھے۔