لوک سبھا میں ’زی نیوز‘ اور سدھیر چودھری کے خلاف مراعات شکنی کی تحریک پیش – لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے موئترا کی اس تجویز کو مسترد کر دیا۔

ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے جمعرات کے روز لوک سبھا میں نیوز چینل ’زی نیوز‘ اور صحافی سدھیر چودھری کے خلاف مراعات شکنی کی تجویز پیش کر دی۔ موئترا نے سدھیر چودھری پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ تجویز پیش کی۔ لیکن لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے موئترا کی اس تجویز کو مسترد کر دیا۔
 مہوا موئترا نے لوک سبھا میں ’فاشزم کے سات نشان‘ موضوع پر گزشتہ ہفتہ ایک تقریر کی تھی جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ سدھیر چودھری نے ان کی تقریر کو سرقہ یعنی چوری قرار دیا۔ زی نیوز چینل پر انھوں نے مہوا کی تقریر پر ایک پورا شو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کی تقریر میں ایک امریکی سیاسی کمنٹیٹر مارٹن لانگ مین کے الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ معاملہ طول پکڑنے کے بعد خود لانگ مین نے ایک ٹوئٹ کر کے سدھیر چودھری کے الزامات کو سرے سے خارج کر دیا۔