ملاڈ سانحہ: متاثرین میں جمعیۃعلماء کی ریلیف جمعیۃعلماء شمال مغربی زون ممبئی (ارشد مدنی) نے ملاڈ ایسٹ میں بارش سے متاثر پانچ سو لوگوں میں اشیاء خورد و نوش کی تقسیم


ممبئی ۳/ جولائی
گزشتہ چند دنوں سے ممبئی و مضافات سمیت مہاراشٹر میں ہورہی موسلا دھار بارش سے جہاں نظام زندگی درہم برہم ہوا،وہیں مضافات ممبئی ملاڈ ایسٹ میں واقع علاقہ پمپری پاڑہ،اپا پاڑہ،امبیڈکر نگر میں فاریسٹ کی دیوار کے گرنے سے بڑے پیمانے پرتباہی مچی۔ جمعیۃعلماء شمال مغربی زون ممبئی (ارشد مدنی) کی جانب سے متاثر ہ پانچ سو لوگوں میں اشیاء خورد و نوش تقسیم کیا گیا۔
اطلاع کے مطابق پیر و منگل کی درمیانی شب میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے سبب محکمہ جنگلات کی جانب سے بنائی گئی حفاظتی دیوار منہدم ہوگئی،اور جنگل میں جمع شدہ پانی تیزی سے آبادی میں آگیا،جس سے پل بھر میں سینکڑوں مکانات (جھونپڑوں)کے نشانات تک ختم ہوگئے،بہت سارے جانی و مالی نقصانات ہوئے۔
سانحہ کی خبر ملتے ہی جمعیۃ علماء شمال مغربی زون کے صدر مولانا محمد اسلم القاسمی،مولانا محمد احمد نائب صدر جمعیۃعلماء شمال مغربی زون،مولانا محمد سلمان حلیمی جوائنٹ سکریٹری جمعیۃعلماء شمال مغربی زون ودیگر ذمہ داران کے ساتھ جائے حادثہ پر پہونچے اور متاثرین سے ملاقات کی، ساتھ ہی صورت حال کا جائزہ لیا اور ان سے اظہار ہمدردی کی۔ اور فوری طور پر صبح و شام سینکڑوں لوگوں کے کھانے کا انتظام کرایا پھر بدھ کی صبح مولانا محمد اسلم قاسمی صدر،مولانا محمد احمد نائب صدر کے ہمراہ پینتیس نوجوانوں کے ساتھ پانچ سو لوگوں میں ناشتہ تقسیم کیا اور کچھ حد تک ملبے کو صاف کرایا،نیز میڈیا کے توسط سے مولانا محمد اسلم قاسمی نے متاثرین کی امداد اور گھر کے ایک فرد کو نوکری دینے کے لئے حکومت سے مطالبہ کیا۔

                        جمعیۃعلماء شمال مغربی زون