عام انتخابات چوتھے مرحلے میں کہیں چلی لاٹھیاں تو کہیں ای وی ایم میں خرابی اس دوران 9 ریاستوں کی 72 پارلیمانی سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی۔ ووٹنگ کے دوران ملک میں کئی جگہ تشدد کے واقعات پیش آئے اور ووٹنگ کا فیصد 62.21 رہا۔
لوک سبھا انتخاب کے چوتھے مرحلے کی پولنگ مکمل ہو چکی ہے۔ پیر کے روز اتر پردیش، مغربی بنگال، بہار، مہاراشٹر سمیت 9 ریاستوں کی 72 پارلیمانی سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ شام 7 بجے تک کل 62.21 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ اس دوران بہار میں 58.92 فیصد، جموں و کشمیر میں 9.79 فیصد، مدھیہ پردیش میں 66.68 فیصد، مہاراشٹر میں 55.88 فیصد، اڈیشہ میں 64.05 فیصد، راجستھان میں 66.72 فیصد، یو پی میں 56.50 فیصد، مغربی بنگال میں 76.59 فیصد اور جھارکھنڈ میں 63.77 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
ووٹنگ کے دوران پیر کے روز ملک میں کئی مقامات پر تشدد کے واقعات بھی پیش آئے اور ای وی ایم خراب ہونے کی خبریں بھی کوئی ووٹنگ مراکز سے موصول ہوئیں۔ جن مقامات پر ای وی ایم خراب ہوئے وہاں ووٹنگ کا عمل گھنٹوں تک متاثر رہا۔
مغربی بنگال کے آسنسول کے پولنگ بوتھ نمبر 125 اور 129 پر بی جے پی اور سی پی آئی ایم کارکنان آپس میں نبرد آزما ہو گئے۔ اس ہنگامے کے بعد سیکورٹی فورسز نے لاٹھی چارج کیا اور ماحول کو پرسکون کرنے کی کوشش کی۔ دوسری طرف آسنسول میں ہی بوتھ نمبر 199 کے باہر ٹی ایم سی کارکنان سیکورٹی فورسز سے لڑائی پر آمادہ ہو گئے۔ اس دوران بی جے پی امیدوار بابل سپریو کی گاڑی میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔