مرکزی وزیراٹھاولے نے کہا۔ اے ٹی ایس کے پاس پرگیہ کے خلاف ثبوت تھے، نہیں دیا جانا تھا ٹکٹ ’’ اگر ہماری پارٹی کو فیصلہ کرنا ہوتا تو ہم انہیں میدان میں نہیں اتارتے‘‘۔

قومی جمہوری اتحاد( این ڈی اے) کی حلیف پارٹی ریپبلیکن پارٹی آف انڈیا کے صدر رام داس اٹھاولے نے پرگیہ ٹھاکر کی امیدواری پر سوال اٹھائے ہیں۔ انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق، اٹھاولے نے اتوار کو کہا کہ ’’ ان کا (پرگیہ) نام مالیگاؤں بم دھماکہ معاملہ میں تھا اور ہیمنت کرکرے( سابق اے ٹی ایس سربراہ) کے پاس کافی ثبوت تھے‘‘۔

اٹھاولے نے کہا ’’ دہشت گردوں سے لوگوں کو بچاتے ہوئے کرکرے شہید ہوئے۔ کرکرے پر سادھوی کے بیان سے میں متفق نہیں ہوں۔ میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ یہ عدالت پر منحصر کرتا ہے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے‘‘۔

پرگیہ نے پہلے کہا تھا کہ کرکرے 26/11  کے ممبئی دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے تھے کیونکہ انہوں نے 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکہ معاملہ کی جانچ کے دوران انہیں’ ٹارچر‘ کرنے کے مدنظر ’ شراپ‘ دیا تھا۔ پرگیہ مالیگاؤں بم دھماکہ معاملہ کی ملزم ہیں اور فی الحال ضمانت پر باہر ہیں۔

اٹھاولے نے کہا ’’ اگر ہماری پارٹی کو فیصلہ کرنا ہوتا تو ہم انہیں میدان میں نہیں اتارتے‘‘۔