مغرب کا سیاسی اور معاشی نظام معاشرہ کیلئے تباہ کن ۔ انسانیت کی تکریم سب سے اہم مسئلہ آئی او ایس میں پروفیسر عبد الوہاب مصری کی کتاب پر پروفیسر عرشی خان کا محاضرہ


نئی دہلی ۔27اپریل(پریس ریلیز )
معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز کے زیر اہتمام آج جدید ماحول اور مغربی سیاسی نظریہ سے متعلق پروفیسر عبد الوہاب المصری کی کتاب اور ان کے نظریات کو سامنے رکھتے ہوئے پروفیسر عرشی خان علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی نے ایک محاضرہ پیش کیا جس میں انہوں نے مغربی سیاسی نظام کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ پروفیسر عبد الوہاب نے مغرب کے سیکولر سیاسی اور سود پر مبنی معاشی نظام کو مسترد کیا ہے ۔پروفیسر عرشی خان نے بتایاکہ مغربی نظام کی شروعات قدیم یونان سے ہوتی ہے جس میں کچھ ادوار کے بعد جدت آئی اور ایک جدید سیکولر سیاسی اور سودی معاشی نظام شروع ہواجس نے انسانیت کو مذہب ،تہذیب اور اخلاقی اقدار سے جدا کردیا ۔ اس نظام کے تحت تعلیم کی حیثیت کاروبار کی ہوگئی ، اخلاقی اقدار کا جنازہ نکل گیا ۔انسانی تشخص داوءپر لگ گیا اور انسان اور حیوان کے درمیان امتیاز مٹ گیا چناں چہ پروفیسر عبد الوہاب مصری نے اپنے مطالعہ اور ریسرچ میں اس تہذیب کو مسترد کیا ہے اور کوشش کی ہے کہ اس فروغ نہ ملے ۔
آئی او ایس کے سکریٹری جنرل پروفیسر زیڈ ایم خان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ اسلام ایک آفاقی اور عالم گیر مذہب ہے ۔ وہ اخلاقی قدوں کا پیکر ہے ،یہاں روحانی تربیت ہوتی ہے ۔ اسلام ہمہ جہت اقدار کے ساتھ سیاسی ،معاشی اور تعلیمی نظام کا قائل ہے اور یہی اسلام کی نمایاں خوبی ہے جو اسے تمام مذاہب اور تہذیبوں میں امتیاز ی حیثیت عطاءکرتی ہے ۔
آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظو رعالم نے پروفیسر عرشی خان کو بحسن وخوبی لیکچر پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ انسانی تشخص اور انسانیت کی تکریم کاہے ۔ قرآن نے صاف لفظوں میں انسانیت کی تکریم کو بلند کرنے کی بات کی ہے اور اسی اصول پر کام کرنے کی ضرورت ہے کہ انسانی وقار کیسے بلندہوگا ۔ انسانیت کو کیسے فروغ ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ آئی او ایس میں اس موضوع پر مسلسل کام ہورہاہے اور یہ ہمارا اہم ایجنڈا ہے ۔مولانا شاہ اجمل فاروق ندوی نے بحسن وخوبی نظامت کا فریضہ انجام دیا ۔اس موقع محترمہ ناز خیر ۔ وسیم فہمی ۔ سیدہ ندا قادری ۔ ایف رحمان ۔ محمد ذو القرنین ۔مولانا خالد حسین ندوی سمیت متعدد اسکالرس نے شرکت کی ۔